پنجاب حکومت کا بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بعض ترامیم کی تجاویز دینے کیلئے ا لیکشن کمیشن سے رابطے کا فیصلہ،الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی تجاویز کی منظوری دی تو قانون سازی کی جائے گی‘الیکشن کمیشن کی منظوری کی صورت میں پنجاب میں اٹھائیس جولائی سے پہلے قانون سازی کرلی جائے گی

پیر 22 جون 2015 09:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 جون۔2015ء)پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بعض ترامیم کی تجاویز دینے کے لئے ا لیکشن کمیشن سے رابطے کا فیصلہ کیاہے ، الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپرز کی تعداد کم کرنے اورسپشل سیٹوں پر انتخاب کنٹونمنٹ کی طرز پر کرانے کی تجویز دی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے کے پی کے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں سامنے آنے والے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں مسائل سے بچنے کے لئے الیکشن کمیشن سے رابطے کا فیصلہ کیاہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت الیکشن کمیشن سے بیلٹ پیپرز کی تعداد کم کرنے کی استدعا کرے گی اور اس ضمن میں بلدیاتی انتخابات میں بیلٹ پیپرز کی تعداد چھ سے کم کرکے دو کرنے کی تجویز دی جائے گی۔

(جاری ہے)

۔ یونین کونسل کی سطح پر ایک بیلٹ پیپر کونسلر ز کے لئے اور ایک چیئرمین وائس چیئرمین کے لئے تجویزکیاجائے گا۔انفرادی مقابلوں کی بجائے پہلے چھ نمبرز پر آنے والوں کو کونسلر منتخب کرنے کی تجویز دی جائے گی پنجاب حکومت کے مطابق چھ بیلٹ پیپرز کنفیوڑ بھی کرتے ہیں اورووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے میں وقت بھی زیادہ لگتاہے جبکہ پنجاب حکومت سپشل سیٹوں پر کونسلرز کا انتخاب بھی کنٹونمنٹ کی طرز پر کرانے کی تجویز دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

کنٹونمنٹ کی طرح منتخب کونسلرز اسپشل سیٹوں پر کونسلرز کا انتخاب کریں۔الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی تجاویز کی منظوری دی تو قانون سازی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کی منظوری کی صورت میں پنجاب میں اٹھائیس جولائی سے پہلے قانون سازی کرلی جائے گی ۔