وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قائم کردہ خصوصی ٹیموں کے مختلف شہروں میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے،کابینہ کمیٹی کاقصور‘ گوجرانوالہ‘ کامونکے‘ فیروزوالا‘ ڈسکہ اور دیگر شہروں میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کا معائنہ،ناقص انتظامات پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ڈسکہ معطل‘ کامونکی میں صورتحال بہتر بنانے کی وارننگ‘ افسران سے پوچھ گچھ،عوام کا اشیائے صرف کی مقررہ نرخوں پر فراہمی پر اظہار اطمینان‘ روزہ داروں کی سہولت کے لئے ایئرکولر لگانے کی ہدایت

پیر 22 جون 2015 09:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قائم کردہ خصوصی ٹیموں نے مختلف شہروں میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اور وہاں عوام کو اشیائے خوردونوش کی مقررکردہ قیمتوں پر فراہمی‘ رمضان بازاروں میں موجود سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین نے قصور میں ماڈل بازار اور ریلوے سٹیشن کے رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی کوالٹی اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ معیاراور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اسی طرح وزیراعلیٰ کی کابینہ کمیٹی‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا‘ سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر سیدگلزار شاہ اور سپیشل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے فیروزوالا‘ کامونکی‘ گوجرانوالہ اور ڈسکہ کے رمضان بازاروں کا دورہ کیا جہاں کمیٹی کے اراکین نے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیااور صارفین سے اشیائے ضروریہ کی فراہمی سے متعلق دریافت کیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی اراکین نے آٹے‘ چینی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی مقررہ کردہ قیمتوں پر فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کامونکی میں صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ کابینہ کمیٹی نے روزہ داروں کی سہولت کے لئے رمضان بازاروں میں ایئرکولر نصب کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ جبکہ رمضان بازار کے ناقص انتظامات پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ڈسکہ کومعطل کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر مختلف شہروں میں قائم کردہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کا مقصد حکومت کی طرف سے دی جانے والی سہولتوں کی عوام کو صحیح معنوں میں فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ صوبائی وزیرخوراک اور کابینہ کمیٹی کے اراکین آنے والے دنوں میں بھی مختلف شہروں کے رمضان بازاروں کا اچانک معائنہ کریں گے۔ اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ عوام کو ریلیف مہیا کرنے میں کسی کوتاہی کو برداشت نہ کیا جائے اور رمضان بازاروں کی اشیاء کی قیمتوں اور ان کے معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :