ہنگری نے پناہ کے متلاشی افراد کے لیے بنائے گئے یورپی یونین کے ایک قانون پر عملدرآمد غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا

جمعرات 25 جون 2015 09:13

ہنگری(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جون۔2015ء)ہنگری نے پناہ کے متلاشی افراد کے لیے بنائے گئے یورپی یونین کے ایک قانون پر عملدرآمد غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا ہے۔ بوڈا پیسٹ کے مطابق ’ہنگری کے مفادات کے تحفظ‘ کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ڈبلن IIl ریگولیشن نامی یورپی یونین کے اس قانون کے تحت تارکین وطن کے دعوے کی جانچ پڑتال اْسی یورپی ملک میں کی جائے گی، جہاں وہ پناہ لینے کی غرض سے پہلی مرتبہ داخل ہوئے۔

ہنگری کے ایک حکومتی ترجمان زولٹان کوواکس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’کشتی بھر چکی ہے‘ اور اس قانون پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ”ہم (تارکین وطن کے بحران کے حل کے لیے) یورپی منصوبہ جات کی کامیابی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن ہم نے ہنگری کے مفادات اور آبادی کا تحفظ بھی یقینی بنانا ہے۔“اس پیشرفت کے فوری بعد ہی برسلز نے بوڈاپیسٹ سے وضاحب طلب کر لی ہے۔

یورپی یونین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بوڈا پیسٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس قانون پر عملدرآمد کو معطل کرنے کے بارے میں تفصیلی جواب دے، ”ہنگری نے ممبر ریاستوں کو مطلع کیا ہے کہ یہ غیر معینہ مدت کے لیے اس تعطلی کی تکنیکی وجوہات ہیں۔“ اس بیان کے مطابق ہنگری سے کہا گیا ہے کہ وہ اِن ’تکنیکی وجوہات‘ کی وضاحت کرے۔