شہریوں کی سہولت ، قیمتی وقت کو محفوظ کرنے کیلئے پاکستان میں پہلی مرتبہ ای چالاننگ سسٹم کا آغاز

جمعرات 25 جون 2015 09:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جون۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہوطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور ان کے قیمتی وقت کو محفوظ کرنے کیلئے پاکستان میں پہلی مرتبہ ای چالاننگ سسٹم کا آغاز کردیا ہے۔فیصل چوک مال روڈ پر ہونے والی تقریب میں سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس ،سی ٹی اوطیب حفیظ چیمہ ،ایس پی سٹی آصف صدیق،ایس پی صدر ندا عمر چٹھہ اور دیگر افسران موجود تھے ۔

سی سی پی او اور سی ٹی او نے وارڈنز کو جدیدترین ڈیوائس تقسیم کیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر سٹی ٹریفک پولیس کے 44 لفٹرانچارجز کویہ ڈیوائس مہیا کی گئی ہے جو دو شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔سی ٹی او نے کہا کہ ای چالاننگ سسٹم کے تحت ان وارڈنز سے چالان بکس واپس لے لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اگر کوئی شہری موقع پر چالان فیس جمع نہ کروانا چاہتا ہوتو اسے ایک رسید دے دی جائیگی جو وہ بعد میں جمع کروا کر کاغذات واپس حاصل کرسکیں گے۔

لفٹر انچارجز کوفراہم کی گئی اس جدید ترین ڈیوائس سے ان کی لوکیشن بھی معلوم کی جاسکے گی،لفٹر انچارجز موقع پر چالان کی رقم وصول کرنے کے بعد وائیلیٹرز کو Paidرسید فراہم کریں گے۔طیب حفیظ چیمہ نے کہاکہ ای چالاننگ سسٹم میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وائیلیٹرز کا ڈیٹا بھی محفوظ کیا جائے گا،دوبارہ غلطی کرنے پر وائیلیٹرکا پہلاریکارڈ سامنے آجائیگا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

متعلقہ عنوان :