ملکی صرافہ مارکیٹوں میں مسلسل تیسرے روز سونے کی قیمتوں میں کمی کارجحان

جمعرات 25 جون 2015 09:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جون۔2015ء) عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی مسلسل تیسرے روز سونے کی قیمتوں میں کمی کارجحان دیکھاگیا۔جس سے ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 46ہزار روپے کی سطح سے گھٹ کر45ہزارروپے کی سطح پرآگئی ۔بدھ کوعالمی صرافہ مارکیٹ میں 5ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 1178ڈالرہوگئی۔

(جاری ہے)

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرزایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روزملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 200روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کراچی،حیدرآباد،لاہور،فیصل آباد،راولپنڈی اسلام آباد اورکوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 46ہزار100روپے سے گھٹ کر 45ہزار900روپے ہوگئی،اسی طرح 171روپے کی کمی سے 10گرام سونے کی قیمت 39ہزار342روپے ہوگئی جبکہ ملک بھرکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 640روپے کی سطح پربدستور مستحکم رہی۔دوسری جانب رواں کاروباری ہفتے کے 3دنوں میں عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 22ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 600روپے کی کمی واقع ہوئی۔