تیونس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی

اتوار 28 جون 2015 07:52

تیونس ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جون۔2015ء )تیونس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔داعش کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں مسلح شخص کی شناخت ابو یحییٰ القیراوانی کے نام سے کی گئی ہے، "جو خلافت کا سپاہی" تھا اور جس نے "جہادی گروپ" کے دشمنوں کو نشانہ بنایاغیر ملکی خبر رساں ادارے نے تیونس کے وزیراعظم حبیب اسد کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعے کو تیونس کے ساحلی تفریحی مقام پر ’ہوٹل امپیریئل مرحبا‘ کے سامنے ہونے والے اس حملے میں 38 افراد ہلاک ہوئے جبکہ وزرات صحت نے 38 افراد اور ایک حملہ آور کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق اس حملے میں کم از کم 36 افراد زخمی بھی ہوئے۔مقامی میڈیا کے مطابق دوسرے حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم اس خبر کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکی۔ہلاک ہونے والوں میں برطانیہ کے ساتھ ساتھ جرمنی، بلغاریہ اور فرانس کے شہری بھی شامل ہیں۔برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے ابتداء میں کم از کم 5 برطانوی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی، تاہم انھوں نے مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا، جبکہ آئرلینڈ کی حکومت نے بھی ایک آئرش خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

متعلقہ عنوان :