امریکا: بن لادن کی ’شیطانی آنکھیں‘ 6500 ڈالر میں نیلام،گڑیا میں بن لادن کو شیطانی شکل میں خوفناک شخص کے طور پر پیش کیا گیا

اتوار 28 جون 2015 07:52

لندن۔ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جون۔2015ء )امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے "سی آئی اے" نے 10 سال پہلے اسامہ بن لادن کی خوفناک شخصیت کو اجاگر کرنے بالخصوص عربوں، مسلمانوں اور غیر مسلموں کے بچوں میں اسامہ کے حوالے سے خوف اور نفرت پیدا کرنے کے لیے ایک "گڑیا" تیار کی تھی۔ اس گڑیا کی نیلامی کے لیے دو ماہ سے مسلسل اشتہاری مہم جاری تھی مگر گذشتہ روز یہ کھلونا محض 6500 ڈالر کی حقیر رقم میں نیلام ہوا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق "سی آئی اے" کے پیش نظر بن لادن کی گڑیا تیار کرنے کا مقصد اسے ایک خوفناک شخص کے طور پر پیش کرنا اور نئی نسل کو اس کے خطرناک عزائم سے آگاہ کرنا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ گڑیا میں بن لادن کی آنکھوں اور چہرے کے رنگ اور خدوخال کو اس انداز میں بنایا گیا تاکہ اسے دیکھ کر خوف کا تاثر ابھرے اور لگے کہ یہ کسی انسان کی نہیں بلکہ کسی شیطان کی شکل ہے۔

(جاری ہے)

"سی آئی اے" کے حکام دو ماہ سے اس گڑیا کو مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے مہم بھی چلاتے رہے تھے تاہم ان کی "محنت" کا صلہ صرف ساڑھے چھ ہزار ڈالر سے زیادہ نہ مل سکا۔ بن لادن کی گڑیا کی نیلامی لاس اینجلس کی Nate D Sanders نامی نیلام گھر میں ہوئی۔اگرچہ بن لادن کی شکل میں تیار کردہ اس کھلونے کا مقصد بچوں کا دل بہلانا نہیں بلکہ اس کا مقصد ایک ایسا لاجسٹک ہتھیار بنانا تھا جس کے ذریعے سے کم عمربچوں کو بن لادن کے عزائم کے خطرات سے آگاہ کیا جاسکے۔

انہیں دہشت گردی اور دہشت گردوں سے دور رکھا جاسکے۔ سی آئی اے نے اس کھلونے کو "شیطان کی آنکھیں" کا نام دیا اور اس کی تیاری کی ذمہ داری سنہ 2005ء میں بچوں کے کھلونے تیار کرنے والے "ہاسپرو" گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈولنڈ لیوین کو سونپی گئی۔ لیوین نے تین نمونے ڈیزائن کیے۔ ان میں سے ایک کی بڑے پیمانے پر ترویج کی گئی اور اسے افغانستان میں بھی پھیلایا گیا۔

"سی آئی اے" کے ترجمان ڈین بویڈ کا کہنا ہے کہ کھلونے تیار کرنے والی فرم نے بن لادن کی گڑیا کے تین نمونے تیار کیے۔ خفیہ ادارے نے تینوں کی باریک بینی سے چھان بین کے لیے کچھ عرصہ کام روک لیا۔ اس دوران لیوین کا انتقال ہوگیا اور اس کی جگہ اس کے بیٹے نے پانچ ماہ بعد ان تین میں سے ایک گڑیا کے مزید نسخے تیار کیے۔ ایک کھلونے کو پچھلے سال نومبر میں 11 ہزار 875 ڈالر میں فروخت کیا گیا۔

دوسرے کی نیلامی حال ہی میں سی آئی اے کے زیراہتمام ہوئی جس کی توقع سے بہت کم قیمت ملی ہے۔بن لادن کی "شیطانی آنکھیں" نامی گڑیا کی لمبائی 31 سینٹی میٹر ہے۔ اس کے دو الگ الگ چہرے بنائے گئے ہیں۔ ایک میں اسے فطری انداز میں داڑھی اور سر پرعمامہ باندھے دکھایا گیا ہے جب کہ دوسرے چہرے میں اسے اس کے مشابہ ایک "شیطانی مخلوق" کے روپ میں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس دوسری اور خوفناک تصویر میں چہرے کا رنگ سرخ اور آنکھیں سبز بنائی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ہیبت ناک لگے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکا میں ڈیزائن ہونے والے اس کھلونے کو چین میں تیار کرایا گیا۔بن لادن کی گڑیا کے اس دوسرے نمونے کی نیلامی جمعرات کو لاس اینجلس میں ہوئی جو اس سے قبل پچھلے سال نومبر میں دوسرے کھلونے کی نیلامی کی آدھی قیمت میں فروخت ہوا۔ تیسرا نمونہ ابھی تک سی آئی اے کے پاس ہے۔ دوسرے نمونے کے خریدار کا نام تاحال صیغہ رازمیں ہے۔

متعلقہ عنوان :