کولمبو ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل،پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 329 رنز پر ڈھیر،سری لنکا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 153 رنز اور پاکستان کو 10 وکٹوں کی ضرورت،اظہر علی کی شاندار سنچری،پریساد کی 4 اور چمیرا کی 3 وکٹیں، گرین شرٹس کو شکست سے بچانے کیلئے بارش بھی مدد کو پہنچ گئی

پیر 29 جون 2015 08:01

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 جون۔2015ء) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 329 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور اس نے آئی لینڈرز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 153 رنز کا ہدف دیا، میزبان ٹیم کو فتح کیلئے 153 رنز جبکہ پاکستان کو 10 وکٹوں کی ضرورت ہے۔ گرین شرٹس کو شکست سے بچانے کیلئے بارش بھی مدد کو پہنچ گئی ہے اور اسی وجہ سے چوتھے روز چائے کے وقفے کے بعد کھیل ممکن نہ ہو سکا، سری لنکن ٹیم ہدف کے تعاقب کیلئے دوسری اننگز کا آغاز (آج) پیر سے کرے گی۔

میچ کے چوتھے روز اظہر علی کے سوا پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی آئی لینڈرز کے باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، اظہر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 117 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور ٹاپ سکورر رہے، یونس خان 40، اسد شفیق 27، مصباح الحق 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پریساد نے 4 جبکہ چمیرا نے 3، میتھیوز نے 2 اور ہیراتھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

اتوار کو کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم نے 171 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اظہر علی 64 اور یونس خان 23 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے دن کا محتاط انداز سے آغاز کیا لیکن 202 کے مجموعی سکور پر میتھیوز نے یونس خان کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنر شپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، یونس 40 رنز بنا کر چلتے بنے، کپتان مصباح الحق نے اظہر کے ساتھ مل کر ٹیم کو بحران سے نکانے کی کوشش کی لیکن پریساد نے انہیں کامیاب نہ ہونے دیا، مصباح 22 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہوئے، 274 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب اسد شفیق 27 رنز بنا کر غیرضروری اسٹروک کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے، سرفراز احمد بھی بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 16 رنز بنا کر پریساد کی گیند کا نشانہ بنے، یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، 313 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب اظہر علی 117 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد ہیراتھ کی گیند پر سٹمپ ہو گئے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 329 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جنید خان 3 اور وہاب ریاض 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پریساد نے 4 جبکہ چمیرا نے 3، میتھیوز نے 2 اور ہیراتھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس طرح گرین شرٹس نے سری لنکا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 153 رنز کا ہدف دیا، بارش کے باعث چائے کے وقفے کے بعد کا کھیل ممکن نہ ہو سکا اسلئے سری لنکا آج دوسری اننگز کا آغاز کرے گا۔