مسلم لیگ (ن) بیلٹ پیپرز کے معاملے پر قوم کو گمراہ کررہی ہے ، جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ جلد آنے والا ہے،فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کرینگے ؛جہانگیر ترین

بدھ 8 جولائی 2015 09:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔8 جولائی۔2015ء) تحریک انصاف کے سنٹرل آرگنائزر جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) بیلٹ پیپرز کے معاملے پر قوم کو گمراہ کررہی ہے ۔ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ جلد آنے والا ہے نتائج جو بھی ہوں کھلے دل سے تسلیم کرینگے ، ڈی جے بٹ کو مطلوبہ رقم سے زیادہ ادائیگی کرچکے ہیں اب مزید فیصلہ کمیٹی کرگی ، پارٹی میں نوے فیصد اختلافات ختم ہوچکے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز تحریک انصاف کے سنٹرل آرگنائزر جہانگیر ترین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) بیلٹ پیپرز کے حوالے سے قوم کو مکمل طور پرگمراہ کررہی ہے اور غلط بیانی سے کام لے رہی ہے جبکہ حقائق یہ ہیں کہ پنجاب میں 71 حلقوں میں 105فیصد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں اور صوبائی دارالحکومت لاہور کے سات حلقوں میں 110فیصد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں جو مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو جیتانے میں استعمال ہوئے ہیں جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ بہت جلد آنے والا ہے امید ہے فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں ہوگا فیصلہ جو بھی ہوگا تسلیم کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہورہا ہے اور وفاقی وزراء صرف بیانات کی حد تک ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پارہے ہیں جہانگیر ترین نے کہا کہ ڈی جے بٹ کو اس کی مطلوبہ رقم سے زیادہ ادائیگی کی جاچکی ہے اور اب اس کا معاملہ پارٹی کمیٹی کے پاس موجود ہے اور کمیٹی ہی فیصلہ کرگی انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی گروپ بندی نہیں ہوئی ہے اور پارٹی میں نوے فیصد اختلافات ختم ہوچکے ہیں جو کہ بلدیاتی انتخابات میں بھاری جیت کے بعد نتیجے کے طور پر قوم اور میڈیا کے سامنے آجائینگے ۔

متعلقہ عنوان :