لندن حملوں کے بعد 50 خطرناک منصوبے ناکام بنائے ، اسسٹنٹ کمشنر میٹروپولیٹن پولیس، کچھ ایسے پیچیدہ اور بڑے منصوبے تھے جن کا انتظام اکثر بیرونِ ملک سے کیا جاتا، نام نہاد دولتِ اسلامیہ ’عیار‘ گروہ ہے جو انٹرنیٹ پر نوجوان طبقے کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے، مارک راوٴلی

بدھ 8 جولائی 2015 09:43

لند ن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔8 جولائی۔2015ء)برطانیہ میں انسدادِ دہشت گردی شعبے کے سینیئر پولیس افسر نے انکشاف کیا ہے کہ دس برس قبل لندن میں ہونے والے بم حملوں کے بعد سے ملک میں دہشت گردی کے لگ بھگ 50 خطرناک منصوبوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔میٹروپولیٹن پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر مارک راوٴلی نے ان حملوں کی دسویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ گذشتہ ایک دہائی میں جتنے منصوبے ہم نے ناکام بنائے ہیں ان کی تعداد 50 کے لگ بھگ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’جو حملے روکے گئے ان سب کے منصوبے اگرچہ الگ الگ تھے لیکن کامیابی کی صورت میں سب کا ایک ہی نتیجہ یعنی ہلاکتیں ہوتا۔‘مارک راوٴلی نے کہا کہ کچھ ایسے پیچیدہ اور بڑے منصوبے تھے جن کا انتظام اکثر بیرونِ ملک سے کیا جاتا جبکہ کچھ ایک فردِ واحد کی کوشش تھے۔

(جاری ہے)

‘گذشتہ برس اگست میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی شام اور عراق میں کامیابیوں کے بعد سے برطانیہ میں حکام نے دہشت گردی کی کارروائی کے خدشے کا ’لیول‘ بلند سطح پر رکھا ہوا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ انھیں خدشہ ہے کہ ملک میں کسی بھی وقت حملہ ہو سکتا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر راوٴلی نے کہا کہ نام نہاد دولتِ اسلامیہ ایک ایسا ’عیار‘ گروہ ہے جو انٹرنیٹ پر معاشرے کے نوجوان طبقے کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے اور اس وجہ سے ممکنہ حملہ آوروں کی ’پروفائل‘ بھی تبدیل ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ دولتِ اسلامیہ دیگر دہشت گرد گروپوں کی طرح خفیہ طور پر تنظیم چلانے کی بجائے اپنا ایک الگ فرقہ تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہے۔

مارک راوٴلی کے مطابق ’وہ کوشش کر رہے ہیں کہ اپنے ایسے پیروکار بنائیں جو ان کے نام پر کارروائی کریں اور اس میں ان کا کچھ ہدف معاشرے کے کمزور اراکین بھی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہم دیکھ رہے ہیں کہ زیادہ نوجوان ان کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں جبکہ کچھ ایسے لوگ بھی جن کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں۔‘برطانوی پولیس افسر نے کہا کہ انھیں روزانہ کی بنیاد پر جس قسم کی خفیہ معلومات ملتی ہیں اگر لندن کے عوام کو ان تک رسائی ہو تو وہ پریشان ہو جائیں تاہم انھوں نے یقین دلایا کہ حکام کے پاس ایسے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور وسائل موجود ہیں۔

مارک راوٴلی نے برطانوی معاشرے میں بسنے والی مختلف کمیونٹیز پر زور دیا کہ وہ سخت گیر رجحانات کی نشاندہی میں پولیس کی مدد کریں تاکہ انھیں سر اٹھانے سے قبل ہی ختم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :