عدن: سعودی اتحاد کے طیاروں کی بمباری، 30 افراد ہلاک

بدھ 8 جولائی 2015 09:46

عدن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔8 جولائی۔2015ء)یمن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملک کے جنوبی ساحلی شہر عدن میں سعودی اتحاد کے طیاروں کی بمباری سے کم از کم 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔یہ واضح نہیں کہ مرنے والوں میں سے کتنے عام شہری اور کتنے حوثی باغی تھے جو کہ ان طیاروں کا اصل ہدف تھے۔باغیوں نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر گذشتہ سال قبضہ کی تھا جس کے بعد صدر عبدالربوہ منصور ہادی کو ملک چھوڑنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

اقوامِ متحدہ کے مطابق رواں برس مارچ میں باغیوں کے خلاف سعودی کارروائی کے آغاز سے اب تک یمن میں تین ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تازہ حملوں میں عدن کے نواح میں فیوش کے بازار کو نشانہ بنایا گیا۔اس علاقے کے ایک رہائشی نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ جانوروں کی منڈی اس حملے کا نشانہ بنی۔یمن میں باغیوں اور سعودی عرب میں جلاوطنی میں قائم یمنی حکومت دونوں نے عیدالفطر کے موقع پر جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں ہنگامی حالت جیسے حالات ہیں اور ملک کی 80 فیصد سے زیادہ آبادی کو امداد کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :