اسلام آباد ، بارش سے میٹروبس کے تمام سٹیشنز تالاب کا منظر پیش کرتے رہے، نکاسی آب کا نظام ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے سٹیشن پا نی سے بھر گئے،پھسلن سے کئی مسا فر گر کر زخمی

بدھ 8 جولائی 2015 09:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔8 جولائی۔2015ء) مون سون کی بارش نے راولپنڈی و اسلام آباد کے میٹروبس سٹیشنوں کی قلعی کھول کر رکھ دی بارش سے میٹروبس کے تمام سٹیشنز تالاب کا منظر پیش کرتے رہے جبکہ مسافر ہر سٹیشن پر تکلیف کے باعث میٹروبس عملے اور حکومت کو کوستے رہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز جب جڑواں شہروں میں برکھا برسی تو شہروں نے سکھ کا سانس لیا لیکن جونہی شہری روز مرہ روٹین کے مطابق دفتروں اور دکانوں کے لئے رائل پراجیکٹ میٹروبس پر جانے کے لئے تیاری پکڑی تو جڑواں شہروں کے تمام میٹروبس سٹیشن پانی میں تیر رہے تھے جبکہ الیکٹرک لفٹ بھی پانی میں ڈوبی رہی دوسری جانب میٹروبس کی صفائی کا بڑا عملہ بھی مسافروں کا سٹیشن پر پھسلن کا تماشا دیکھتا رہا جس سے مسافروں کے غصہ میں مزید اضافہ ہو گیا اور وہ میٹروبس عملے سمیت حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے بارش کے باعث میٹروبس سٹیشنوں کے نکاسی آب کا نظام ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے میٹروبس سٹیشن صدر ، مری چوک ، لیاقت باغ ، کمیٹی چوک ، وارث خان ، سنٹرل ہسپتال ، رحمان آباد ، سکستھ روڈ ، شمس آباد ، فیض آباد ، آئی جے پی روڈ ، پوٹھوہار روڈ ، خیابان جوہر ، فیضل احمد فیض روڈ ، کشمیر ہائی وے ، چمن روڈ ، ابن سینا روڈ ، کچہری ، پمز ، سعودی پاک ٹاور ، سیونتھ ایونیو ، شہید ملت روڈ ، پریڈگراؤنڈ اور سیکرٹریٹ تک تمام سٹیشنز بارش کے پانی میں ڈوبے رہے جس سے مسافروں کو شدید تکلیف کا سامنا رہا او ر مسافر میٹروبس عملے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے جبکہ کئی مسافر سٹیشن پر بنے ماربل پرپھسلن سے بھی گر گئے اور انہیں روزے سے تکلیف اٹھانی پڑی ۔

متعلقہ عنوان :