9 سال بعد سری لنکن سرزمین پر شاہینوں کی تاریخی فتح ،پاکستان نے تیسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 7وکٹوں سے شکست دے کر 1-2 سیریز اپنے نام کرلی، 377 رنز کا بڑا ہدف دیا جو پاکستان نے یونس خان کی شاندار بلے بازی کی بدولت آخری دن دوسرے سیشن میں حاصل کر لیا ، یونس خان کی شان مسعود سے مل کر 242، کپتان مصباح الحق کے ساتھ 127رنز کی شراکت ، ،یونس 171، شان مسعود125رنز بنا کر نمایاں رہے ، کپتان مصبا ح الحق کی نصف سنچری ، چھکا مار کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ، سری لنکن باؤلرز آخری دن صرف ایک وکٹ حاصل کرسکے ، یونس خان کو شاندار بیٹنگ پر میچ جبکہیاسر شاہ کو بہترین باؤلنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

بدھ 8 جولائی 2015 09:01

پالی کیلے(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔8 جولائی۔2015ء) پاکستان نے 9سال بعد سری لنکن سرزمین پر تاریخی فتح حاصل کرلی ، تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سریز اپنے نام کرلی ۔، شان مسعود اور یونس خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے242رنزکی شراکت قائم کر کے میچ کا پانسا پلٹ کر کے رکھ دیا ،شان مسعود نے 125رنزکی اننگزکھیلی جبکہ یونس خان نے171رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر قومی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پالی کیلے میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے مہمان ٹیم کو فتح کے لیے 377 رنز کا بڑا ہدف دیا جو پاکستان نے یونس خان کی شاندار بلے بازی کی بدولت آخری دن دوسرے سیشن میں حاصل کر لیا ، یونس خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ یاسر شاہ کو شاندار باؤلنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اپنا 101واں ٹیسٹ میچ کھیلنے والے یونس خان نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی 30ویں سنچری بنائی اور 171 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔

انھوں نے پہلے شان مسعود کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 242 رنز کی شراکت قائم کی جو پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔شان کے آوٴٹ ہونے کے بعد یونس خان اور مصباح الحق کی تجربہ کار جوڑی نے مزید کسی نقصان کے بغیر ٹیم کو فتح یاب کروا دیا۔مصباح نے اس دوران نصف سنچری مکمل کی اور ان دونوں کے درمیان 127 رنز کی شراکت ہوئی۔

یونس اور شان نے پاکستان کی جانب سے چوتھی اننگز میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت قائم کی سری لنکن بولرز آخری دن صرف ایک پاکستانی وکٹ لے سکے۔ اوٴٹ ہونے والے بلے باز شان مسعود تھے جو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری بنانے کے بعد 125 کے انفرادی سکور پر تھرندو کوشل کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔اس میچ میں پاکستان نے کسی ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں اپنا سب سے بڑا ہدف حاصل کیا۔

سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کی بدولت پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔اس ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی اور سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے۔اس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 215 رنز بنا سکی تھی اور یوں سری لنکا کو پہلی اننگز میں 63 رنز کی برتری ملی تھی۔دوسری اننگز میں کپتان اینجلو میتھیوز کی پانچویں ٹیسٹ سنچری کی بدولت سری لنکن ٹیم 313 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی اور اس طرح اسے پاکستان پر 376 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی تھی۔