کاروباری دنیا میں گذشتہ ہفتہ ارب پتی افراد کیلئے خوش آئند ثابت نہیں ہوا ،بلوم برگ بلین ائیرز انڈیکس

ہفتہ 29 اگست 2015 09:31

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اگست۔2015ء) کاروباری دنیا میں گذشتہ ہفتہ ارب پتی افراد کیلئے خوش آئند ثابت نہیں ہوا ہے۔ بلوم برگ بلین ائیرز انڈیکس کے مطابق پیر کے روز 400 امیرترین افراد نے مارکیٹوں میں اپنے اربوں ڈالر کھو دیئے ہیں۔ پچھلے ہفتے سے جاری شنگھائی انڈیکس میں مندی کے رجحان کے نتیجے میں دنیا بھر میں سرمایہ کار اربوں ڈالر کی دولت سے محروم ہو چکے ہیں۔

انڈیکس کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیر کے روز دنیا کے 400 امیر ترین افراد کے مجموعی اثاثوں میں سے 124 ارب ڈالر ڈوب گئے اور اب ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ 3.86 کھرب ڈالر ہے۔ بلوم برگ نے دنیا کے ارب پتی لوگوں کے اثاثوں کا تجزیہ مارکیٹ کی حالیہ صورتحال اور موجودہ اقتصادی تبدیلیوں کی بنیاد پر کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈیٹا کے مطابق بدترین مندی کے نتیجے میں دنیا کے 24 بلین ایئرز ایک ہی دن میں اپنی اربوں کی دولت سے محروم ہوگئے۔

مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے امیرترین شخص بل گیٹس نے ایشیا کے امیرترین شخص وانگ جے لن کے بعد مارکیٹوں میں سب سے بڑا نقصان برداشت کیا ہے۔ایمیزون کے بانی اور سی ای او جیف بیزوز کے 2.6ارب ڈالر ڈوب گئے۔ فیس بک کے شریک بانی مارک زکرک برگ کے 1.7 ارب ڈالر مارکیٹوں میں ڈوب گئے ہیں۔ تازہ رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ دنیا کے 200 امیر ترین لوگوں نے سٹاک مارکیٹوں میں کاروبار کی کمی کی وجہ سے مجموعی طور پر 94.2 ارب ڈالر کا گھاٹا برداشت کیا ہے جو مجموعی طور پر 2.9 کھرب ڈالر کی دولت پر کنٹرول رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :