سینٹرل کنٹریکٹ پر پی سی بی اور کھلاڑیوں میں معاملات طے پاگئے، کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے پر رضامند ہوگیا،32 کھلاڑیوں کو چار کیٹیگریز میں سینٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا، تینوں فارمیٹس کے کپتان اے کیٹگری میں شامل ہوں گے،حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی دیں گے

ہفتہ 29 اگست 2015 08:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اگست۔2015ء) سینٹرل کنٹریکٹ پر پی سی بی اور کھلاڑیوں میں معاملات طے پاگئے، پی سی بی کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے پر رضامند ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق32 کھلاڑیوں کو چار کیٹیگریز میں سینٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا، تینوں فارمیٹس کے کپتان اے کیٹگری میں شامل ہوں گے، اے کیٹگری میں مصباح الحق، اظہر علی، شاہد آفریدی ، یونس خان اور محمد حفیظ شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک، یاسر شاہ، وہاب ریاض، سعید اجمل، جنید خان، احمد شہزاد اور سرفراز احمد بی کیٹگری میں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق اسد شفیق، حارث سہیل، عمر اکمل، صہیب مقصود، سہیل تنویر، راحت علی، محمد عرفان اور ذوالفقار بابر کو سی کیٹگری میں رکھا جائے گا جبکہ بلاول بھٹی، انور علی، احسان عادل، شان مسعود، عدنان اکمل، عمران خان، محمد رضوان، سعد نسیم اور سمیع اسلم ڈی کیٹگری میں شامل ہوں گے۔کھلاڑیوں کی کیٹیگری اور تعداد کی حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی دیں گے۔