ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ، فی تولہ سونا46ہزارروپے کی سطح سے گھٹ کر45ہزار روپے کی سطح پر آگیا

ہفتہ 29 اگست 2015 09:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اگست۔2015ء)عالمی صرافہ مارکیٹوں میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا رحجان دیکھا گیاجس سے فی تولہ سونا46ہزارروپے کی سطح سے گھٹ کر45ہزار روپے کی سطح پر آگیا۔جمعہ کو عالمی صرافہ مارکیٹوں میں 4ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت1128ڈالر پر آگئی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مزید سستا ہوگیا۔

(جاری ہے)

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 150روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد کراچی،لاہور،ملتان،اسلام آباد اور راولپنڈی کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت46 ہزار100روپے سے گھٹ کر 45ہزار950 روپے ہوگئی،اسی طرح 129روپے کی کمی سے 10گرام سونے کی قیمت39ہزار385روپے ہوگئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 640روپے کی سطح پر بدستور مستحکم رہی۔