لیبیا : تارکین وطن کی 2کشتیاں الٹنے سے سینکڑوں افراد کے ڈوب جانے کا خدشہ ، کشتیوں میں 500سے زائد افراد سوار تھے ، کوسٹ گارڈ عملہ مسافرو ں کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ، حکام

ہفتہ 29 اگست 2015 09:33

زوارہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اگست۔2015ء)لیبیا کے شہر زوارہ کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی دو کشتیاں الٹنے سے سینکڑوں افراد کے ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔حکام اور مقامی افراد کے مطابق ان کشتیوں میں 500 سے زائد افراد سوار تھے۔پہلی کشتی جس میں 50 کے قریب افراد سوار تھے، ۔ اس کے بعد ڈوبنے والے دوسری کشتی میں تقریباً 400 افراد سے زائد سوار تھے۔

لیبیا کے کوسٹ گارڈ دوسری کشتی کے مسافروں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس میں سوار بیشتر افراد ڈوب گئے ہیں۔

(جاری ہے)

طرابلس کے مغرب میں واقع زوارہ شہر کے ایک رہائشی نے بتایا ہے کہ شہر کے ہسپتال میں کم از کم 100 لاشوں کو لایا گیا ہے۔مقامی شخص کے مطابق ان کشتیوں میں سوار تارکین وطن کا تعلق شام، بنگلہ دیش اور سب صحارا کے ممالک سے ہے۔

تاہم اس امر کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔دونوں کشتیوں سے کم از کم 20 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق رواں سال سمندری راستے سے یورپ جانے کی کوشش میں 2400 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک لاکھ سے زائد تارکین وطن اٹلی پہنچے جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار کے قریب افراد یونان کے راستے یورپ میں داخل ہوئے۔