شہادت کی خواہش تھی ،،کیپٹن اسفند یار ہم سے خوش نصیب ہیں جنہوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا،بڈھ بیر ائیر بیس پر دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے والے غازیوں کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 20 ستمبر 2015 09:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2015ء)پشاور کے علاقے بڈھ بیر ائیر بیس پر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے غازیوں نے کہا ہے کہ شہادت کے رتبے کی خواہش تھی تاہم اللہ تعالیٰ نے غازی کا رتبہ دیا ہے،کیپٹن اسفند یار ہم سے خوش نصیب ہیں جنہوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

کوئیک ری ایکشن فورس کے اہلکار غازی حسین مصدق اور تیمور احمد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے صبح نماز کے وقت بڈھ بیر ائیر بیس پر حملہ کیا جیسے حملے کی آواز آئی اور دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا تو ہم سمجھ گئے کہ دہشت گردوں نے بیس پر حملہ کر دیا ہے ہم نے دہشت گردوں کو ان کے اصل ٹارگٹ پہنچنے سے قبل ہی واصل جہنم کر دیا ،دہشت گردوں کو30 کلو میٹر کے آگے نہیں آنے دیا ،انہوں نے بتایا کہ کیپٹن اسفند یار ولی ہم سب سے آگے تھے اور ہمیں لیڈ کررہے تھے انہوں نے 45 منٹ تک دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ایک دہشت گرد کو واصل جہنم کیا اس دوران ایک گولی کیپٹن اسفند یار ولی کے سینے پر آ لگی جس کے بعد انہیں شہادت کارتبہ نصیب ہوا ،انہوں نے بتایا کہ اسفند یار ہم سے بازی لے گیا ہے وہ بہت خوش نصیب ہے ہماری بھی شہادت کا رتبہ کی خواہش تھی تاہم اللہ تعالی نے ہمیں غازی بنا دیا ہے،حسین مصدق اور تیمور احمد نے مزید بتایا کہ ہمیں دہشت گردوں کے حملے کی لوکیشن معلوم نہیں تھی اس لئے ہم نائیک نائیک سمیع کے ہمراہ چھت پر چڑھ گئے پھر وہاں جا کر دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ،انہوں نے بتایا کہ حملے کے بعد پاک فوج کے جوان بھی پہنچ گئے جس کے بعد مشترکہ آپریشن شروع کیا اورصرف30 منٹ کے اندر تمام دہشت گردوں کو واصل جہنم کر دیا،انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد 2 گروپوں میں تقسیم ہوگئے ،ایک گروپ مسجد کی جانب بڑھا اور دوسرا رہائشی علاقوں اور بلڈنگ کے اندر جانے کی کوشش کررہا تھا تاہم ہم نے انہیں 30 کلو میٹر تک ہی محدود رکھا اور گھیرے میں لیکر مارڈالا، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے مسجد پر کوئی مارٹر گولے نہیں پھینکیں بلکہ ایک گروپ نے مسجد کے اندر گھس کر فائرنگ کی جس سے 16 نمازی شہید ہوگئے ،انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے اب بھی بلند ہیں ہم نے دہشت گردی کا ہر صورت خاتمہ کرنا ہے اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو دہشت گردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے شہادت کا رتبہ حاصل کریں گے ۔