شامی فضائیہ کی دولت اسلامیہ کے زیر انتظام علاقوں پر شدید بمباری ،25 کے قریب فضائی حملوں میں کم از کم 26 افراد ہلاک، 12 جنگجو بھی شامل

اتوار 20 ستمبر 2015 09:45

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2015ء)شام میں مبصرین کے مطابق شامی حکومت کے جنگی طیاروں نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے زیرانتظام شہر پیلمائرا پر شدید بمباری کی ہے۔برطانیہ میں قائم سیرین اوبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ 25 کے قریب فضائی حملوں میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں 12 جنگجو بھی شامل ہیں۔اوبزرویٹری کے مطابق اس کے علاوہ ادلب میں فضائی بمباری سے 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ادلب شدت پسند گروہوں کے جیش الفتح نامی اتحاد کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے نے شامی فوجی ذرائع کے حوٴالے سے بتایا ہے کہ شام روس سے حاصل شدہ اہداف کو درست نشانہ بنانے والے ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے۔امریکہ کا کہنا تھا کہ روس شام میں اپنی فوجی موجودگی قائم کر رہا ہے، جبکہ صدر بشار الاسد کو کئی علاقوں میں باغی گرہوں کے سامنے پسپائی کا سامنا ہے۔حالیہ فضائی حملے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے مرکز رقہ میں شامی فضائیہ کی کارروائی کے ایک روز بعد کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ رواں سال مئی میں شام کے تاریخی شہر پیلمائرا پر ’دولت اسلامیہ‘ نے قبضہ کر لیا تھا۔ اس شہر کو یونیسکو کی جانب عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ بھی حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :