کراچی،گذشتہ ہفتہ کراچی اسٹاک مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے رہے،کے ایس ای 100انڈیکس 9بالائی حدوں سے نیچے گرکر33ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد کھو بیٹھا،سرمایہ کاروں کے209ارب روپے ڈوب گئے جس سے اسٹاک مارکیٹ کامجموعی سرمایہ72کھرب روپے کی سطح سے کم ہوکر70 کھرب روپے رہ گیا

اتوار 20 ستمبر 2015 09:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2015ء)گذشتہ ہفتہ کراچی اسٹاک مارکیٹ پر مندی کے بادل چھائے رہے،کے ایس ای 100انڈیکس 9بالائی حدوں سے نیچے گر گیا اور33ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی کھو بیٹھا۔گزشتہ پیر تا جمعہ کے دوران کاروباری اتار چڑھاؤ کے باعث رونما ہونے والی مندی کے سبب کراچی اسٹاک ما رکیٹ میں سرمایہ کاروں کے209ارب روپے ڈوب گئے جس سے اسٹاک مارکیٹ کامجموعی سرمایہ72کھرب روپے کی سطح سے کم ہوکر70 کھرب روپے رہ گیا۔

اسٹاک مارکیٹ سے غیر ملکی سرمایہ کے انخلاء ، برآمدکنندگان کے دباؤ پرروپے کی قدر میں کمی کے خدشات ،نیب کی جانب سے بروکرز کے خلاف تحقیقات شروع ہونے کی افواہوں کے باعث حصص کی سرگرمیاں ماندرہیں،اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کا اعلان بھی مارکیٹ کو مثبت سمت کی جانب نہیں لے جا سکا ۔

(جاری ہے)

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کاروباری ہفتہ کے 5دنوں میں سے 4روز تک مندی کارحجان غالب رہا،جبکہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں ریکوری اور گزشتہ سیشن میں متواتر مندی کی وجہ سے مستحکم کمپنیوں کی نچلی قیمتوں پر آئے ہوئے حصص کی خرید اری کے باعث صرف بدھ کو تیزی کا رحجان دیکھا گیا تھا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 33849.40پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسی مدت کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس32728.20پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیا۔کراچی اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ پیر تا جمعہ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس میں 911.77پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس33672.72پوائنٹس سے گھٹ کر32760.95پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح785.26پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 19705.62پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس23561.62پوائنٹس سے گھٹ کر22981.40پوائنٹس پر آگیا،مندی کے سبب اسٹاک مارکیٹ کے سرمائے سے 2کھرب9ارب31کروڑ5لاکھ16ہزار919روپے کی کمی ہوئی جس سے اسٹاک مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 72کھرب47ارب93کروڑ57لاکھ7ہزار97روپے سے گھٹ کر70کھرب38ارب62کروڑ51لاکھ90ہزار178روپے رہ گیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران زیادہ سے زیادہ کاروباری سرگرمیاں 18کروڑ28لاکھ31ہزار شیئرز رہی اس دن ٹریڈنگ ویلیو9ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین10کروڑ40لاکھ43ہزار حصص رہا اس دن ٹریڈنگ ویلیو4ارب تک محدود رہا۔مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران مجموعی طورپر1801کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے643کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ،1049میں کمی جبکہ 109کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رہی۔کاروبار کے لحاظ سے بائیکو پیٹرولیم،دیوان سیمنٹ،پاک الیکٹرون،کے الیکٹرک،ٹی آر جی پاک،جہانگیر صدیقی کمپنی،پیس پاک،دیوان سیمنٹ،سوئی نادرن گیس سرفہرست رہے۔

متعلقہ عنوان :