سیالکوٹ میں خاتون کے ہاں 5 بچوں کی پیدائش، 3 بچے اور 2 بچیاں شامل

اتوار 20 ستمبر 2015 09:37

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2015ء) سیالکوٹ میں ایک خاتون کے ہاں 5 بچوں کی پیدائش ہوئی‘ بچوں میں 3 بچے اور 2 بچیاں شامل ہیں اور تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے‘ بچوں کا والد اور اہلخانہ خوشی سے جھوم اٹھے اور شکرانے کے نوافل ادا کئے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز سیالکوٹ کے ایک نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ہاں سی ایم ایچ ہسپتال سیالکوٹ میں 5 بچوں کی پیدائش ہوئی جبکہ نومولود بچوں میں 3 بچے اور 2 بچیاں شامل ہیں جن کو ہسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال انتطامیہ کے مطابق جنم لینے والے پانچوں بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم بچوں کی صحت کے حوالے سے آئندہ 2 سے 3 روز انتہائی اہم ہیں اس لئے ان کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھ کر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ 5 بچوں کو جنم دینے والی خاتون کی حالت بھی تسلی بخش ہے اور خاتون کی مکمل صحتیابی کے لئے تقریباً 2 ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔ اس موقع پر بچوں کا والد اور اہلخانہ خوشی سے جھوم اٹھے اور اللہ تعالیٰ کے سامنے سجدہ ریز ہو کر شکرانے کے نوافل ادا کئے جبکہ اس موقع پر ہسپتال میں والد کو مبارک باد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا اور والد نے پورے ہسپتال میں مٹھائی تقسیم کی۔