ملکی مارکیٹوں میں سونا مہنگا ،فی تولہ سونے کی قیمت میں1150 روپے کا اضافہ

اتوار 20 ستمبر 2015 09:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2015ء) عالمی صرافہ مارکیٹ میں ہفتہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا مہنگا ہو گیا دوسری جانب گذشتہ6دنوں میں عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت33ڈالر بڑھ گئی تاہم پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں1150 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ہفتہ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں4ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونے کی قیمت 1139ڈالر پر جا پہنچی ۔

(جاری ہے)

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ہفتہ کے روز ایک تولہ سونے کی قیمت میں 100روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیاجس کے بعد کراچی ،حیدرآباد،لاہور،ملتان،فیصل آباد،اسلام آباد،راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 45ہزار850روپے سے بڑھ کر45ہزار950روپے ہوگئی،اسی طرح85روپے کے اضافہ سے 10گرام سونے کی قیمت39ہزار385روپے پر جا پہنچی،رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ کو ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں چاندی کی فی تولہ قیمت640روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔دوسری جانب ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ پیر تا ہفتہ کے دوران ملکی صرافہ مارکیٹو میں10گرام سونے کی قیمت میں985روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔