واپڈا ملازمین کا نجکاری کے خلاف احتجاج رنگ لے آیا،عید الاضحیٰ کے فوری بعد یونین کے عہدیداروں کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کرائی جائے گی جس کے بعد نجکاری کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا،ٹریڈ یونین کو یقین دہانی

اتوار 20 ستمبر 2015 09:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2015ء)ملک بھر میں واپڈا ملازمین کا نجکاری کے خلاف احتجاج رنگ لے آیا‘ نجکاری کمیشن کے چیئرمین و وزیر مملکت زبیر عمر نے واپڈا ملازمین کی ٹریڈ یونین کو یقین دلایا ہے کہ عید الاضحیٰ کے فوری بعد یونین کے عہدیداروں کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کرائی جائے گی جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ واپڈا کی نجکاری کی جائے یا نہ کی جائے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ملک بھر کے واپڈا ملازمین نے گزشتہ روز فیصل آباد میں احتجاجی ریلی کے ساتھ ساتھ واپڈا کی نجکاری کرنے کے خلاف دھرنا دیا ہے جس میں لاہور‘ گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ‘ سرگودھا‘ فیصل آباد ریجن کے واپڈا ملازمین نے اپنے دفتروں کی تالا بندی کر کے اس احتجاج میں شرکت کی اس دوران واپڈا کے ریجنل جنرل سیکرٹری پاکستان ہائیڈرو الیکٹرک ورکر یونین خورشید احمد اور دیگر عہدیداروں نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیسکو ‘ لیسکو‘ جیسکو‘ میسکو کے اداروں کی کسی بھی صورت میں نجکاری نہیں ہونے دینگے کیونکہ یہ ادارے اربوں روپے کما رہے ہیں جبکہ ملازمین کی شب و روز محنت کی وجہ سے لائن لائسز اور بجلی چوری میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے وہ واپڈا کی کسی بھی صورت میں نجکاری نہیں ہونے دینگے اگر حکومت نے زبردستی ایسا کوئی اقدام اٹھایا تو پورے ملک کی بجلی منقطع کر دی جائے گی چنانچہ صورتحال کے پیش نظر چیئرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن/ وزیر مملکت محمد زبیر عمر نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے ملک بھر کی واپڈا یونین کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد‘ فیسکو ریجن کے چوہدری سرفراز احمد ہنڈل اور دیگر عہدیداروں نے وزیرمملکت پرائیوٹائزیشن کو بتایا کہ اگر حکومت نے واپڈا کی نجکاری کی تو اس سے بھاری مالی نقصانات اٹھانا پڑیں گے اس سلسلے میں ٹریڈ یونین کے وفد نے بجلی کی پیداوار میں اضافے اور عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کے متعلق حکومت کو اپنی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا جس پر چیئرمین پرائیوٹائزیشن کمیشن محمد زبیر عمر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سی بی اے یونین کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کے ان کے تمام مطالبات اور واپڈا کی نجکاری نہ کرنے کے متعلق حکومت کو ہونے والے نقصانات کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کرینگے اور عید الاضحیٰ کے فوری بعد سی بی اے یونین کے وفد کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات ہو گی جس میں واپڈا کی نجکاری کرنے یا نہ کرنے کا صلاح مشورے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا کہ واپڈا کی نجکاری کرنے کے بارے میں ملک کے صنعتکار‘ بنکار کے ساتھ ساتھ ایوان و صنعت و تجارت پاکستان کے مرکزی صدر میاں محمد ادریس اور میاں محمد منشاء خواہاں ہیں اور مذکورہ بڑے صنعتکار واپڈا کے بڑے بڑے اداروں کو نجکاری کے ذریعے خریدنا چاہتے ہیں۔