سکیورٹی فورسز اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ، اسرائیل نے یروشلم کی سکیورٹی بڑھا دی ، اضافی پولیس دستے تعینات

اتوار 20 ستمبر 2015 09:44

یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2015ء) اسرائیل نے سکیورٹی فورسز اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے بعد یروشلم میں سینکڑوں کی تعداد میں اضافی پولیس تعینات کردی ہے۔زیادہ تر کشیدگی اسلام اور یہودیت کی مشترکہ اہم مقدس جگہ مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں ہے۔فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے مسجدِ اقصیٰ کے معاملے پر’شدید غصے کا دن‘ منانے کا اعلان کیا تھا۔

فلسطینیوں میں اسرائیلی کی اس حکمت عملی پر بھی غصہ پایا جاتا ہے جن کے تحت پولیس کو پتھراوٴ کرنے والوں پرگولیاں چلانے کی اجازت ہوگی۔رواں ہفتے یروشلم میں ایک اسرائیلی ڈرائیور کار حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ پتھراوٴ اس کی وجہ بنی۔جمعے کو پیش آنے والے وقعات میں فلسطینی علاقے غزہ سے اسرائیل پر کم از کم دو راکٹ داغے گئے۔

(جاری ہے)

جن کے نتیجے میں ایک بس کو نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق مشرقی یروشلم میں تین سرحدی محافظ بمباری کے نتیجے میں زخمی ہوگئے اور مشرقی یروشلم میں ہی ایک بس پر پتھراوٴ کے بعد اْسے نظرِ آتش کردیا گیا۔مقبوضہ غرب اردن کے کئی علاقوں میں متعدد جھڑپیں ہوئیں۔ جبکہ فلسطینی ریڈ کریسنٹ ایمرجنسی یونٹ کے مطابق سات فلسطینی آگ میں جلائے جانے سے زخمی ہوگئے۔ہزاروں کی تعداد میں اردن کے باشندوں نے عمان میں یکجہتی مارچ کی۔اطلاعات کے مطابق مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں امن ہے۔ اسرائیلی پولیس نے قریبی مقامات پر چوکیاں قائم کردی ہیں اور 40 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ہی عبادت کے لیے وہاں جانے کی اجازت ہے۔

متعلقہ عنوان :