شام کے شہر حلب پر داعش کا حملہ ، ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسین ہمدانی ہلاک، ہمدانی داعش کے خلاف شامی آرمی کو معاونت فراہم کرنے کے لیے فوجی مشاورت کار کے طور پر شام میں موجود تھے

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 09:05

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اکتوبر۔2015ء) ایرانی آرمی کے مطابق شام کے شہر حلب میں داعش کے حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسین ہمدانی ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی آرمی کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ داعش کے جنگجووٴں نے پاسدران انقلاب یا ایرانی آرمی کی ایلیٹ برانچ اسلامک ریولوشن گارڈز کارپس (آئی آر جی سی) کے بریگیڈیئر جنرل حسین ہمدانی کو جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب حملہ کرکے ہلاک کیا۔

(جاری ہے)

ایران کے پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر جنرل حسین ہمدانی داعش کے خلاف شامی آرمی کو معاونت فراہم کرنے کے لیے فوجی مشاورت کار کے طور پر شام میں موجود تھے۔آئی آر جی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بریگیڈیئر جنرل حسین ہمدانی شام میں داعش کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے شامی فوج کے ساتھ مل کر اہم کردار ادا کر رہے تھے۔واضح رہے کہ ایران کو شام اور اس کے صدر بشار الاسد کا قریبی اتحادی مانا جاتا ہے۔شام میں داعش کی کارروائیوں کو ناکام بنانے اور اسے پیچھے دھکیلنے کے لیے ایران نے اپنی ریولیوشنری گارڈ فورس کے کئی دستوں اور فوجی مشاورت کاروں کو وہاں بھیجا ہے۔

متعلقہ عنوان :