نواز، شہباز مخلص ہوتے تو پہلے بجٹ میں ہی کسانوں کیلئے رقم رکھتے‘ چودھری پرویزالٰہی ،پبلسٹی پیکیج دھوکہ ہے، ہم کسان کے خیرخواہ ہیں، قصور کنونشن میں ہزاروں کسانوں کا سابق وزیراعلیٰ کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر آگے بڑھنے کا عہد ،جنگلہ بسوں، نمائشی منصوبوں، بھارت سے سبزیاں منگوانے پر اربوں اڑا دئیے، ہم کسانوں کو فصل کے خرچہ سے دگنی آمدنی کا پیکیج دینگے ،اپنی قائم کردہ 1122 کی طرح کسان اور غریب کی مدد کو پہنچیں گے، کنونشن میں خطاب کے دوران ”پرویزالٰہی ہمارا محسن ہے“ کے پرجوش نعرے

اتوار 18 اکتوبر 2015 09:29

لاہور / قصور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اکتوبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف اور شہبازشریف اگر کسانوں سے مخلص ہوتے تو وہ اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے پہلے بجٹ میں ہی کسانوں کیلئے فنڈز مختص کرتے، پنجاب میں دوبارہ اقتدار کے آٹھ اور مرکز میں تین سال بعد کسانوں کے نام پر پبلسٹی پیکیج کا اعلان دھوکہ اور انتخابی سٹنٹ ہے، کسانوں کے اصلی خیرخواہ ہم ہیں جنہوں نے کسانوں اور غریبوں کیلئے جو کچھ کیا وہ ہماری حکومت سے پہلے یا بعد میں نہیں ہوا۔

چودھری پرویزالٰہی قصور میں الٰہ آباد (ٹھینگ موڑ) کے مقام پر بڑے کسان کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں شریک ہزاروں کسانوں نے سابق وزیراعلیٰ کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر اپنے حقوق کیلئے آگے بڑھنے کا عہد کیا۔

(جاری ہے)

طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیرالدین، ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، سردار وقاص حسن موکل ایم پی اے، کرنل عباس، باؤ رضوان اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ان کسان دشمن حکمرانوں نے جنگلہ بسوں، نمائشی منصوبوں، بھارت سے سبزیاں، ٹماٹر، پیاز منگوانے پر اربوں روپے اڑا دئیے لیکن اپنے کسانوں کو کچھ نہیں دیا، بھارت سے زرعی درآمدات سے بھارتی کسانوں کو فائدہ پہنچایا آج یہاں بیج، کھاد، پانی کے اخراجات فصل کی قیمت سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے کسانوں کی جانب سے بھرپور ساتھ دینے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی قائم کردہ 1122 کی طرح کسان اور غریب کی مدد کو فوری پہنچیں گے جس پر فضا ”پرویزالٰہی ہمارا محسن“ کے پرجوش نعروں سے گونج اٹھی۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل سے بڑا اور اہم کوئی اور ایشو نہیں، 66فیصد آبادی دیہات پر مشتمل ہے مگر حکمرانوں نے ان کے مسائل کو مکمل طور پر نظرانداز کر رکھا ہے، اب بلدیاتی انتخابات کے موقع پر دھوکہ دینے کیلئے پیکیج کا اعلان کر دیا جبکہ ہم نے اپنے دور حکومت میں دانہ دانہ خریدا، اس وقت کسان خوشحال تھا، شوگر ملوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ کسانوں کی رقم نہ روکیں، ہم نے کسانوں پر ٹیکس معاف کیا انہوں نے جی ایس ٹی لگا دیا، شریف برادران انڈیا سے اپنی دوستی کیلئے درآمدات بڑھانے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ یہاں کسان اور صنعتکار احتجاج کر رہے ہیں، ان حکمرانوں کے سیلاب متاثرین اور بیواؤں کو دئیے گئے چیک کیش نہیں ہوئے، یہ اب کیش سپورٹ کیسے دیں گے؟ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ محرم کے مہینہ میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے مسلمانوں کی آنے والی نسلوں کو ظالم حکمرانوں کے سامنے کھڑے ہونے کا عملی درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے شہبازشریف نے قصور ہسپتال کا دورہ کیا کہ یہاں صفائی کا نظام ٹھیک نہیں لیکن ہسپتال میں تو دوائی، ڈاکٹر، نرسیں، بجلی بھی نہیں تھی، شہبازشریف نے 100ارب کے سرپلس صوبہ کو 2ہزار ارب کا مقروض کر دیا لیکن 1122کیلئے چندہ مانگ رہے ہیں اور ہسپتال ٹھیکہ پر دینے کے اشتہار دے رے ہیں، شہبازشریف نندی پور پاور پروجیکٹ کا جو مال کھا گئے ہیں وہی کسانوں میں بانٹ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو ہم زراعت سمیت ہر شعبہ میں فلاح و بہبود کے اپنے کام آگے بڑھائیں گے، کسانوں کے بچوں کو بی اے تک مفت تعلیم، پہلے کی طرح سستے قرضے، آلات، کھاد، بیج اور ٹیل تک وافر پانی دیں گے۔ ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی نے کہا کہ کسان کنونشن کا مقصد کسانوں کیلئے جدوجہد کے عہد کی تجدید ہے، چودھری پرویزالٰہی کی رہنمائی میں پاکستان مسلم لیگ کسانوں کی خوشحالی کیلئے کام کرتی رہے گی۔

سردار وقاص حسن موکل، مرزا فرید، بار اللہ صمصام نے بھی خطاب کیا۔ سٹیج پر تبسم احمد، چودھری استخار حسین، حاجی محمد اسماعیل، عبدالرشید بوٹی، چودھری شیرافگن، ڈاکٹر یٰسین، سردار محمد عباس ڈوگر، حاجی منیر، حاجی اشرف، اشفاق بھٹی، سردار فرحان سرور اور دیگر رہنما موجود تھے۔ الٰہ آباد اور جلسہ گاہ میں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی اور ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی کے قد آور پوسٹر، ہورڈنگز اور پارٹی پرچم لگائے گئے تھے

متعلقہ عنوان :