عوام کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ نے ”مانگ رہاہے ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان ، اقتدار اور اختیار کے مالک عام عوام“ کا نیا نعرہ متعارف کروا دیا ، پارٹی قائد غنویٰ بھٹو اگلے ماہ لاہور کا دورہ کرینگی اور تنظیم سازی کیحوالے سے پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کرینگی؛ سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ پنجاب ابرار اعظم

اتوار 18 اکتوبر 2015 09:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اکتوبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ کے سیکرٹری اطلاعات پنجاب ابرار اعظم نے کہا ہے کہ عوام کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو گروپ نے مانگ رہاہے ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان ، اقتدار اور اختیار کے مالک عام عوام کا نیا نعرہ متعارف کروا دیا ہے ۔ پارٹی قائد غنویٰ بھٹو اگلے ماہ لاہور کا دورہ کرینگی اور تنظیم سازی کے حوالے سے پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کرینگی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ لاہور اور اوکاڑہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن ایک ٹوپی ڈرامہ تھے یہ صرف اقتدار کیلئے کروڑوں روپے خرچ کئے گئے ہیں ابرار اعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو لیفٹ کی پارٹی ہوگی اور شہید بھٹو کے جیالے ان کے نظریات کو آگے بڑھانے کیلئے اکھٹے ہورہے ہیں اور جلد ہی اصلی پیپلز پارٹی عوام کو نظر آئے گی پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے پارٹی قائد غنویٰ بھٹو اگلے ماہ لاہور کا دورہ کرینگی اور پارٹی کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کرینگی انہوں نے کہا کہ ممبر شپ جاری ہے جلدہی اس کو مکمل کرلیا جائے گا سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کا گراف نیچے جارہا ہے اور آصف علی زرداری اور شہید میر مرتضیٰ بھٹو کے حوالے سے بیان جاری کررہے ہیں کہ ان کے قتل کی تحقیقات ہونی چاہیں لیکن جب آصف علی زرداری نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے حوالے سے کچھ نہیں کیا اور جب ان کے پاس اقتدار نہیں رہا تو ان کے قتل کی تحقیقات کی جانی چاہیں انہوں نے کہا کہ عوام میں پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو تیزی سے مقبول ہورہی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین اس مقبولیت سے خوف میں مبتلا ہے اس لئے وہ میر مرتضی بھٹو کے قتل کی تحقیقات کرانا چاہتے ہیں تاکہ عوام کی ہمدردیاں حاصل کرسکیں جبکہ عوام نے ان کو مکمل نظر انداز کردیا ہے