راولپنڈی، کسٹم کی خصوصی عدالت میں ایان علی کی بریت کی درخواست خارج ، متفرق درخواستوں پر کسٹم حکام کو نوٹس جاری،جواب طلب، فرد جرم عائد کرنے کے لئے 12 نومبر تک سماعت ملتوی

ہفتہ 7 نومبر 2015 08:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2015ء) کسٹم کی خصوصی عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے ماڈل ایان علی کی بریت کی درخواست خارج کر دی ہے ۔ ایان علی کے وکیل کی جانب سے دائر کی جانے والی متفرق درخواستوں پر کسٹم حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ فرد جرم عائد کرنے کے لئے 12 نومبر تک سماعت ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز کرنسی سمگلنگ کیس میں ملوث ایان علی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں ۔

ملزمہ نے اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کرتے ہوئے کسٹم حکام پر الزام عائد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کسٹم تفتیشی افسر نے مقدمے کے ریکارڈ میں ردوبدل کی ہے اور ٹمپرنگ کی ہے جبکہ اس پر پاسپورٹ ریکوری کا ذکر نہیں ہے ۔جس پر فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج اور گزشتہ سماعت کے وقت آپ کے بیان میں فرق ہے ۔

(جاری ہے)

مقدمے کے ریکارڈ میں رد و بدل کے حوالے سے عدالت کو دستاویزات فراہم کریں ۔

فاضل جج کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں نے خود چالان پڑھا ہے اس پر پاسپورٹ ریکوری کے حوالے سے درج ہے ۔ جس کے بعد ملزمہ ایان علی نے کراچی جانے کے لئے عدالت سے اجازت کے لئے استدعا کی فاضل جج نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں کراچی جانے کی اجازت دے دی ۔ بعدازاں نماز جمعہ کے بعد فاضل جج نے ملزمہ کی جانب سے دائر 262 کے بریت کی درخواست پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے اسے خارج کر دیا ۔ جبکہ فرد جرم عائد کرنے کے لئے سماعت 12 نومبر ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :