ایاز صادق کو متفقہ سپیکر منتخب کیا جائے‘ پرویزالٰہی کی خورشید شاہ اور شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں ، برطانیہ سمیت دیگر ملکوں میں سپیکر اتفاق رائے سے چنتے ہیں، پاکستان میں بھی یہ جمہوری روایت قائم کی جائے: میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 7 نومبر 2015 08:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں اور قومی اسمبلی کا سپیکر اتفاق رائے سے لانے کے سلسلے میں ان سے بات چیت کی۔ وہ پہلے سید خورشید شاہ سے ملے اور پھر دونوں رہنماؤں نے مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت کا فیصلہ ہے کہ شفقت محمود سپیکر کے عہدے کیلئے امیدوار ہوں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قیادت کو پیغام دیں کہ برطانیہ سمیت دیگر ملکوں میں بھی سپیکر اتفاق رائے سے منتخب ہوتا ہے جبکہ چودھری پرویزالٰہی سے بات چیت میں سید خورشید شاہ نے بتایا کہ پیپلزپارٹی بھی متفقہ سپیکر لانے کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے متحدہ قومی موومنٹ کی پارلیمنٹ میں واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سردار ایاز صادق کو متفقہ طور پر سپیکر قومی اسمبلی منتخب کرایا جائے، ان کی جماعت پاکستان مسلم لیگ بھی سپیکر شپ کیلئے ایاز صادق کی حمایت کرتی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ غیر سیاسی ہوتا ہے، سپیکر کا کردار بھی غیر جانبدار ہے اس لیے جمہوری روایات کو قائم کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کو متفقہ طور پر سپیکر قومی اسمبلی منتخب کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے دوسری جماعتوں سے سپیکر کے امیدوار ایاز صادق کیلئے حمایت حاصل کی جائے گی۔