صوبائی حکومت نے فیکٹریوں میں تیار ہونے والے نسوار پر ٹیکس عائدکرنے کے فیصلے کے پیش نظر سفارشات طلب

پیر 23 نومبر 2015 08:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23نومبر۔2015ء) صوبائی حکومت نے فیکٹریوں میں تیار ہونے والے نسوار پر ٹیکس عائدکرنے کے فیصلے کے پیش نظر سفارشات طلب کر لی ہے ۔نسوار کے پیکٹ پر ایک روپے سے تین روپے تک فی ٹیکس عائدکرنے کی تجویز دی گئی ہے جس کے باعث نسوار کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جائیگا نسوار کی قیمت پہلے سے ہی پانچ روپے سے بڑھ کر دس روپے اور سپیشل نسوار دس روپے سے بڑھ کر بیس روپے تک قیمت پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

پشاور سمیت صوبے بھر میں نسوار فیکٹریوں کی تفصیلات اکھٹی کرنے کے لئے محکمہ ایکسائز نے سروے کاکام بھی شروع کردیاہے ۔ سروے کے بعد فیکٹریوں میں تیار ہونے والے نسوار پر ٹیکسز عائدکردیئے جائینگے تاہم ہاتھوں سے تیار ہونے والے نسوار پر ٹیکس عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے غیر سرکاری اعدادو شمار کے مطابق پشاور سمیت صوبے بھر میں اس وقت نسوار کی تین سو سے زائد فیکٹریاں موجود ہیں اور روزانہ کی بنیاد پرلاکھوں روپے کی نسوار استعمال ہو رہی ہے ۔