روس ، انسداد دہشتگردی فورس کا آپریشن ، داعش کے 11 دہشت گرد ہلاک

پیر 23 نومبر 2015 08:54

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23نومبر۔2015ء) روس میں انسداد دہشت گردی فورس کے آپریشن میں شدت پسند تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کاکیشیا کے شہر ناچلک میں انسداد دہشت گردی فورس کے خصوصی اہلکاروں نے شدت پسندوں کی اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران شدت پسندوں کی جانب سے بھی سخت مزاحمت کی گئی اور فورسز پر گرینیڈ اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا تاہم مقابلے میں عسکریت پسندوں کی زیر زمین پناہ گاہ کو تباہ کر کے علاقے کو کلیئر کیا گیا۔

روسی حکام کے مطابق آپریشن میں 11 افراد مارے گئے جن کا تعلق شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند تنطیم دولت اسلامیہ (داعش) سے تھا۔مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ آپریشن میں شدت پسند گروہ کے مقامی لیڈر کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جب کہ آپریشن میں حصہ لینے والے انسداد دہشت گردی فورس کے خصوصی یونٹ کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ روس شام میں جاری خانہ جنگی میں بشارالاسد کا حمایتی ہے اور روسی طیارے داعش کے خلاف کارروائیوں میں حصہ بھی لے رہے ہیں جب کہ ایک رپورٹ کے مطابق روس کے ڈھائی ہزار شہری شام اور عراق میں داعش کے ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں، اسی وجہ سے ماسکو کو خدشات ہیں کہ داعش روس میں بھی فرانس کی طرح دہشت گردی کی کارروائیاں کرسکتی ہے اسی لئے ملک بھر میں شدت پسند تنظیموں کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا جارہا ہے۔