ملائشیا میں منفرد فضائی کمپنی کی سیاحتی جزیرے لنگ کوائی سے افتتاحی پرواز ،پرواز کے دوران اسلامی شریعت کے مطابق مسافروں کو حلال کھانا پیش ، شراب نوشی کی اجازت ہو گی نہ ہی الکوحل مشروب سے مسافروں کی تواضع کیجائے گی،رایانی ائر نامی فضائی کمپنی

منگل 22 دسمبر 2015 09:17

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2015ء)ملائیشیا میں ایک منفرد فضائی کمپنی نے سیاحتی جزیرے لنگ کوائی سے افتتاحی پرواز کی۔ رایانی ائر نامی فضائی کمپنی کی انتظامیہ کا دعوی ہے کہ پرواز کے دوران اسلامی شریعت کے مطابق مسافروں کو حلال کھانا پیش کیا جائے گا اور شراب نوشی کی اجازت نہیں ہو گی اور نہ ہی الکوحل مشروب سے مسافروں کی تواضع کیجائے گی۔

*پہلی پرواز کے موقع پر فضائی کمپنی کے ڈائریکٹر جعفر زمھاری نے میڈیا کو بتایا کہ عملے میں شامل فضائی میزبان خواتین کے یونیفارم میں اسکارف لازمی ہو گا جبکہ عملے کے غیر مسلم ارکان 'مہذب' یونیفارم پہننے کے پابند ہوں گے۔پرواز سے پہلے سفر کی دعا کی تلاوت ہو گی۔ ملائشیا میں اسلامی اصولوں کے مطابق آپریٹ کرنے والی پہلی فضائی کمپنی ہیں۔

(جاری ہے)

" ملائشین اخبار 'دی سٹار' نے جعفر کا بیان نقل کیا جس میں انہوں نے متعلقہ حکام کی ہدایت کی روشنی میں اپنی منفرد فضائی سروس کے آغاز پر فخر کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ شریعت سے ہم آہنگ پہلووٴں میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ کیا جائے گا۔بلومبرگ نیوز ایجنسی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں شریعت دوست دیگر فضائی کمپنیاں بھی چلائی جا رہی ہیں۔

یو کے سے فرناس ایئرویز ایسی ہی پروازیں اگلے برس شروع کرنے والی ہیں۔حال ہی میں ایک ملائیشین کمپنی نے حلال منرل واٹر متعارف کرایا ہے۔ نیز غیر شادی شدہ خواتین کے لئے اسلامک سپیڈ ڈیٹنگ ویب سائٹ بھی شروع کی جا چکی ہے۔دارلحکومت میں اس سال ہونے والے 'حلال کنونشن' میں حلال اشیاء خورنی سے لیکر سامان آرائش نمائش کے لئے پیش کی جا چکی ہیں۔ اس کنونشن میں ہزاروں کی تعداد میں مندوبین اور ایسی مصنوعات تیار کرنے والوں نے شرکت کی۔