ایم پی اے کرک گل صاحب خان کے چچا اقدام قتل مقدمی میں کوہاٹ سے گرفتار

منگل 22 دسمبر 2015 09:15

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2015ء )کرک پولیس کو اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب ایم پی اے کرک گل صاحب خان کے چچا ملزم لعل شیرین کو کوہاٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے ملزم کرک سے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی گل صاحب خان خٹک کا چچا اور چیف میونسپل آفیسر نور دراز خٹک کا بھائی ہے۔ملزم کو گرفتاری سے بچانے کیلئے پناہ دہی کے مرتکب دو پولیس اہلکاروں اور ڈرائیور کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

کوہاٹ پولیس ترجمان کے مطابق 14دسمبر کوتھانہ صابر آباد کرک میں درج اقدام قتل کے ایک مقدمہ میں نامزد ملزم لعل شیرین ولد سرور خان ساکن صابر آباد کرک کو سوموار کے روز کوہاٹ پولیس کی سپیشل یونٹ نے بنوں روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے موٹر کار سے حراست میں لے لیا۔پولیس ٹیم نے ملزم کی گرفتاری میں تعرض اور پناہ دینے کے الزام میں اسکے دو محافظوں پولیس کانسٹیبل محمد فرہاد ،کانسٹیبل وحید زمان اور کار ڈرائیور جنت گل ساکن محمد زئی کوہاٹ کو بھی گرفتار کرکے تھانہ چھاؤنی منتقل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے جنکے خلاف اسلحہ آرڈیننس کے دفعہ 15AAاور تعزیرات پاکستان کے دفعہ 212کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ڈی پی او کوہاٹ صہیب اشرف نے کہا ہے کہ پولیس کے لیے تما م شہری برابر ہے پولیس بغیر کسی دباو کے اپنا کام جاری رکھے گی انہوں نے گرفتاری پر پولیس اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :