مہمند ایجنسی، بارودی سرنگ کے دو دھماکے ، لیوی اہلکار اور مقامی ٹھیکیدار سمیت 3 جاں بحق، دو سیکورٹی ا ہلکار زخمی،گورنر خیبر پختونخواہ کی ہیڈ کوارٹر مہمند رائفلز غلنئی میں زخمیوں کی عیادت، واقعہ کی مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

منگل 22 دسمبر 2015 09:07

مہمند ایجنسی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2015ء ) مہمند ایجنسی، بائیزئی سب ڈویژن میں دو الگ الگ بارودی سرنگ دھماکے ، لیوی اہلکار اور مقامی ٹھیکیدار سمیت 3 جاں بحق۔ دوسرے دھماکے میں دو سیکورٹی فورسز اہلکار زخمی۔ گورنر خیبر پختونخواہ کی ہیڈ کوارٹر مہمند رائفلز غلنئی میں زخمیوں کی عیادت۔ واقعہ کی مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی میں پیر کے روز پاک افغان سرحدی دیہات بائیزئی سب ڈویژن میں دو مختلف بارودی سرنگ دھماکوں میں ایک سول گاڑی میں سوار مقامی ماربل ٹھیکدار عمر خان سکنہ چاڑا گان، لیوی نائب صوبیدار نصیر خان اور مقامی باشندہ ارشاد ولد فقیر سکنہ کوڈا خیل جاں بحق ہو گئے۔ دوسرے واقعہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر گشت کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔

(جاری ہے)

جس میں دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہو ئے ہیں۔ جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سر چ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران 16 افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہے۔ گورنر خیبر پختونخواہ اس دوران دورہ مہمند ایجنسی پر تھے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں وہ ہیڈ کوارٹر مہمند رائفلز غلنئی کے ہسپتال پہنچ گئے اور زخمی سیکورٹی اہلکاروں کی عیادت کی۔

انہوں نے واقعہ کی مذمت کی۔ جبکہ غلنئی جرگہ ہال میں مقامی جرگے سے خطاب کے دوران انہوں نے قبائلی مشران اور پولیٹیکل انتظامیہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی مذمت کی۔ علاوہ ازیں اتوار اور پیر کے علی الصبح تحصیل صافی مسعود کے علاقے شوہ فرش میں ایک مقامی باشندے عبدالولی ولد رحمت شیخ کی لاش قریبی کھیتوں سے ملی ہے۔ جنہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ ابھی تک قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ مقامی پولیٹیکل انتظامیہ نے رپورٹ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :