شیخ رشید نے نواز شریف کے سابقہ دور حکومت میں جعلی سروے کرانے کا اعتراف کرلیا

وزیر اعظم کی مقبولیت موجودہ سروے بھی جھوٹ کا پلندا ہیں، سربراہ عوامی مسلم لیگ

پیر 13 فروری 2017 10:22

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13فروری۔2017ء )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے وزیراعظم نواز شریف پر ”خود کش حملہ“کردیا۔اپنے آپ کو خود کش سیاستدان کہنے والے شیخ رشید نے اعتراف کیا ہے کہ نواز شریف کے گزشتہ دور حکومت کے دوران میں نے خود وزیراعظم نوا ز شریف کے لیے جھوٹے سروے کرائے اور اب بھی وزیراعظم کی مقبولیت کے سروے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آپ حکومت پر کرپشن کے الزامات لگاتے رہتے ہیں جبکہ آئی آر آئی جیسے بین الاقوامی اداروں کے وزیراعظم کے بارے میں سروے مثبت ہیں۔اس سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ یہ بین الاقوامی سروے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے بتا یا کہ ماضی میں جب میں نواز شریف کی کابینہ کا وزیر تھا تو میں نے بھی یہ کام کیا ہے اور نواز شریف کے لیے کئی جھوٹے سروے کرائے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے کئی بار بیرون ملک جا کر سیکرٹ فنڈز سے نواز شریف کے لیے مثبت سروے کرائے اور اب بھی ایسا ہی ہو رہا ہے۔