آئی جی کی طرف سے صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشن سے متعلق نئی ہدایات جاری

مقامی افغان یا پشتو بولنے والے کسی فرد کو بھی بطور نمائندہ ساتھ رکھا جائے ،گھر گھر تلاشی کے عمل میں خواتین اہلکار آپریشن کا حصہ ہونگی

پیر 13 مارچ 2017 17:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشن سے متعلق نئی ہدایات جاری کردی گئیں،نئی ہدایات میں پشتون اور افغان شہریوں کے علاقے میں آپریشن کے دوران احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ پولیس کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق دہشتگردی کیخلاف جاری آپریشن رد الفساد میں خود کش حملہ آوروں، دہشت گردوں کی اور سہولت کاروں کی سرکوبی اور گرفتاری کیلئے کومبنگ آپریشن اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز کے دوران تمام حفاظی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

پولیس کی جانب سے جاری نئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی ادارے دیئے گئے احکامات کے علاوہ پنجاب پولیس کی جانب سے دیئے گئے احکامات اور ہدایات پر بھی عمل کریں۔

(جاری ہے)

کسی بھی قسم کے آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی کے عمل میں خواتین اہلکار بھی آپریشن کا حصہ ہوں گی ۔ آپریشن کا اطلاق بغیر کسی رنگ و نسل، فرقے اور تعصب کے تمام حقائق سامنے رکھ کر اصولی بنیادوں پر کیا جائے گا۔

آپریشن کے دوران کسی بھی مخصوص کمیونٹی اور علاقے کو ٹارگٹ نہ بنایا جائے بلکہ مصدقہ اور جامع انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کی جائے۔ کسی بھی کرائے دار کی مشکوک اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر اس کا ذمہ مالکان مکان کو ٹھہرایا جائے گا اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ہوٹلوں، سرائے خانوں، اور گھروں میں رہائش پذیر افراد، مسافر اور کرائے داروں کے مکمل کوائف معمول کے مطابق چیک کیے جائیں گے اور ان کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، کسی بھی کرائے دار کے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر اس جگہ کے مالک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کومبنگ آپریشن کے دوران مقامی افغان یا پشتو بولنے والے کسی فرد کو بھی بطور نمائندہ ساتھ رکھا جائے تاکہ مخصوص علاقے اور کمیونٹی میں آپریشن کے دوران آپریشن میں تعاون کا فقدان نہ ہو اور لوگوں کو اعتماد میں لیا جاسکے۔مذکورہ ہدایات ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، اسپیشل برانچ ، سی ٹی ڈی لاہور، کیپٹل سٹی پولیس، تمام ضلعی پولیس آفیسرز، ڈی آئی جی آپریشنز، شہر بھر کے پولیس آفیسرز کو جاری کی گئی ہیں۔