وزیراعظم کی زیر صدارت سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس

ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد پر ہونے والی پیشرفت اور کامیابیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس کے شرکاء کا سیکورٹی اداروں اور عوام کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش امن اور ترقی کے دشمنوں کو ملک میں سلامتی کی صورتحال ہرگز خراب نہیں کرنے دیں گے، وزیراعظم نواز شریف

پیر 13 مارچ 2017 20:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء)وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت سیکورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ہے جس میں آپریشن رد الفساد پر پیشرفت اور کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سوموار کے روز وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کی سیکورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان،وزیرخزانہ اسحاق ڈار،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف،مشیر خارجہ سرتاج عزیز،قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ،ڈی جی آئی ایس آئی اور اعلیٰ سینیئر سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد پر ہونے والی پیشرفت اور کامیابیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نوازشریف نے آپریشن ردالفساد میں پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے ہونے والی پیشرفت پراطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت جاری کی کہ آپریشن ردالفساد کی رفتار مزید تیز کی جائے۔اجلاس میں انسداد دہشتگردی کے حوالے سے قوانین کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے سیکورٹی اداروں اور عوام کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

شرکاء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ امن اور ترقی کے دشمنوں کو ملک میں سلامتی کی صورتحال ہرگز خراب نہیں کرنے دیں گے۔دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ملکی سلامتی کیلئے ناگزیر ہے۔نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔وفاقی وصوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :