حکومت کی معاشی پالیسیوں کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں کررہی ہیں، محمد نواز شریف

مذہب میں تمام لوگوں کی جان و مال یکساں اہمیت کی حامل ہے، اسلام طاقت سے مذہب تبدیل کرانے کو جرم قرار دیتا ہے ہولی کا تہوار یاد دلاتا ہے کہ محبت کا رنگ سب سے پائیدار ہوتا ہے، پاک سرز مین پر گلاب کھلنے لگے ہیں ایشیاء میں سب سے تابناک مستقبل پاکستان ہی کا ہے، وزیراعظم کی گورنر ہائوس میں تاجروں سے ملاقات میں گفتگو ، ہولی تقریب سے خطاب

منگل 14 مارچ 2017 23:23

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مارچ ء)وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا اعتراف عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں کررہی ہیں۔ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لئے دنیا بھر میں پرکشش ملک بن چکا ہے۔ مختلف بڑے سرمایہ کار ادارے اور کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جو سرمایہ کار ادارے اور کمپنیاں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے، حکومت انہیں مکمل مراعات اور تحفظ فراہم کرے گی۔ وفاقی حکومت ملک بھر میں تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے لئے تاجر دوست پالیساں بنا رہی ہے۔ ہم تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

(جاری ہے)

سی پیک منصوبہ عالمی سطح پر معاشی گیم چینجر ہے۔ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان کی معیشت نہ صرف مضبوط ہوگی بلکہ ہزاروں لوگوں کو روزگار میسر آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنر ہائوس میں معروف کاروباری شخصیات اور تاجروں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2013ء میں جب ہم نے حکومت سنبھالی تھی تو ملک میں امن وامان کی صورت حال خراب تھی۔

دہشت گردی، توانائی کے بحران اور معاشی صورت حال بہتر نہ ہونے کے بڑے چیلنجز درپیش تھے لیکن موجودہ حکومت نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے انتھک محنت کی۔ آج پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ حکومت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں بنا رہی ہے۔ اقتصادی راہداری پاکستان کی معاشی ترقی کی علامت ہے۔ سی پیک منصوبہ سرمایہ کاری اور روزگار کی دولت سے مالامال منصوبہ ہے۔

سی پیک کی تکمیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ سی پیک کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ سی پیک منصوبے کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کی معاشی ترقی کی بحالی کو تسلیم کررہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورت حال آج بہتر ہوگئی ہے۔

کراچی میں معمول کے مطابق آج کاروبار ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء میں اقتصادی ترقی کی شرح 4.4 فیصد رہی جو گزشتہ 8 سالوں کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں گے۔ حکومت سستی اور ماحول دوست توانائی کے حصول کے لئے منصوبہ بنا رہی ہے اور ان منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔

کراچی میں میگا پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر عمر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزراء احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق اور دیگر بھی موجود تھے۔ تاجروں نے وزیراعظم کو کراچی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے تاجروں کو مسائل کے حل کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں وزیراعظم سے گورنر ہائوس میں گورنر سندھ محمد زبیر عمر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی سمیت صوبہ بھر میں امن وامان کی صورت حال، میگا پروجیکٹس اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کراچی میں جاری آپریشن اور میگا پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

بعد ازاں گورنر ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے معروف تاجر عقیل کریم ڈھیڈھی نے بتایا کہ وزیراعظم سے تاجروں کی ملاقات بہت اچھے ماحول میں ہوئی ہے۔ تاجروں نے وزیراعظم کو کراچی کے مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عقیل کریم ڈھیڈھی نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم کراچی کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کریں گے۔

بعد ازاں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام اختلافات یا امتیاز کا قائل نہیں ہے۔ اس مذہبمیں تمام لوگوں کی جان و مال یکساں اہمیت کی حامل ہے۔ اسلام طاقت سے مذہب تبدیل کرانے کو جرم قرار دیتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں ہولی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسلام کی نظر میں مزہب کی جبری تبدیلی جرم ہے۔

اسلام دنیا کے سب انسانوں کو برابری کی نظر سے دیکھتا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی گفتگو کا آغاز شگفتہ انداز میں کیا۔ بولے دو سال پہلے آپ کا ہو گیا تھا آپ میرے ہو گئے تھے۔ انہوں نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دی اور کہنے لگے کہ ہر مزہب یاد دہانی کراتا ہے کہ انسان کو مایوس نہیں ہونا چاہیئے۔ ہولی کا تہوار یاد دلاتا ہے کہ محبت کا رنگ سب سے پائیدار ہوتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ پاک سرز مین پر گلاب کھلنے لگے ہیں ایشیاء میں سب سے تابناک مستقبل پاکستان ہی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے مذہبی اقدار کو پاکستان کی کمزوری بنانا چاہا۔ اسلام دنیا میں سب انسانوں کو ایک نظر سے دیکھتا ہے۔ اسلام دولت کی تعمیر اور قانون کے نفاذ پر کوئی تفریق نہیں کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا آئین سب شہریو ںکو یکساں حقوق دیتا ہے۔

پاکستان کی مذہب کی مخالفت کے لئے وجود میں نہیں آیا۔ مزہبی یا علاقائی تعصب ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیئے۔ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں امن ہو ۔ ہمارا کام لوگوں کی جنت اور دوزخ کا فیصلہ کرنا نہیں۔ ہمیں دنیا کو سب کے لئے جنت بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عاجز بندہ ہوں۔ خود کو حکمران نہیں سمجھتا ایک طرف نوجوانوں کا مستقبل سنوارنے والے لیں دوسری جانب نوجوانوں کا استحصال کرنے والے ہیں۔

انہوں نے طنزیہ کہا کہ پاکستان کی عوام نے کبھی نفرت کی سیات قبول نہیں کی۔ ہم نے کراچی میں امن کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ مزہب کے نام پر شہریوں کے حقوق میں فرق کرنیوالے اسلام کی درست تشریح نہیں کرتے۔ اس موقع پر شرکاء نے قدم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمھارے ساتھ ہیں کے خوب نعرے لگائے جبکہ وزیراعظم نے ہندو برادری کی فلاح کے لئے 50کروڑ روپے کے فنڈز دینے کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :