پورے ملک میں بین الاقوامی اصولوں کے عین مطابق مردم شماری کا انعقاد کیا جائے گا،یہ عمل 70دن پر مشتمل ہوگا ، لوگوں کو بڑی ذمہ داری سے اس میں حصہ لینا چاہیئے،جو بھی ریکارڈ مانگا جائے بالکل صیحیح دیا جائے،یہ پاکستان اور ہم سب کے مستقبل کے لیے بھی بہت ضروری ہے،چیف کمشنر مردم شماری آصف باجوہ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 14 مارچ 2017 23:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مارچ ء) چیف کمشنر مردم شماری آصف باجوہ نے کہا ہے کہ پورے ملک میں بین الاقوامی اصولوں کے عین مطابق مردم شماری کا انعقاد کیا جائے گا اور یہ کام آج 15 مارچ بروز بدھ سے شروع ہو جائے گا۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مردم شماری کا یہ عمل 70دن پر مشتمل ہوگا جسے تین مختلف مراحل میں منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری بہت اہمیت کی حامل ہے اس لیے لوگوں کو بڑی ذمہ داری سے اس میں حصہ لینا چاہیئے اور جو بھی ریکارڈ مانگا جائے بالکل صیحیح دیا جائے کیونکہ یہ پاکستان اور ہم سب کے مستقبل کے لیے بھی بہت ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے گھر کا سربراہ یا خاتون خانہ جواب دے سکتے ہیں،گھریلو افراد کے بارے میں آسان سے سوالات پوچھے جائیں گے جن کو صیغہ راز میں ہی رکھا جائے گا اور ان معلومات کوکسی آرگنائزیشن کے ساتھ شیئر بھی نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں چیف کمشنر کا کہنا تھا کہ بلاکس چھوٹے ہوں یا بڑے، کم ہوں یا زیادہ ان سے فرق نہیں پڑے گا لیکن اگر خانہ شماری میں بلاک بڑا لگا تو 18 تاریخ کو کوریج کے لیے نئی ٹیم لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر معلومات غلط بتائی گئیں تو نادرا سے تصدیق کرائیں گے اور غلط معلومات کی فراہمی یا ہمارے کام میں رخنہ ڈالنے کی کوشش پر اس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور یہ سزا جرمانہ بھی ہو سکتا ہے اور قید بھی اس لیے درست معلومات ہی فراہم کی جائیں تاکہ صیحیح ریکارڈ اکٹھا کیا جا سکے۔