جماعت اسلامی کا اعلیٰ سطحی وفد سینیٹر سراج الحق کی قیادت میںسعودی عرب روانہ ،لیاقت بلوچ قائم مقام امیر جماعت مقرر

پانامہ کیس میںشریف خاندان کے عدلیہ کے سامنے پیش شواہدکے ہر صفحہ پر تضاد موجود ہے ،لیاقت بلوچ

ہفتہ 18 مارچ 2017 23:00

اسلام آباد ،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء) جماعت اسلامی کا اعلیٰ سطحی وفد ایک ہفتہ کے دورہ پر سعودی عرب روانہ ہوگیا ہے ۔ جماعت اسلامی کے ترجمان امیر العظیم کے مطابق وفد مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کی سہ روزہ کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ وفد کی قیادت امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کررہے ہیں۔

وفد عمرہ کی سعادت بھی حاصل کرے گا ۔ شیخ القرآن مولانا عبدالمالک ، عبدالغفار عزیز اور محمد اصغر وفد میں شامل ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے ایک سادہ تقریب میں قائم مقام امیر جماعت کا حلف اٹھا کر اپنے فرائض سنبھال لئے ہیں۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے حلف کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ملک بھر میں دوروں میں مجھے تو بے چینی نظر آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

پانامہ کیس میں ان کے خاندان کی جانب سے عدلیہ کے سامنے جتنے بھی شواہد پیش کیے گئے ہیں اس کے ہر صفحہ پر تضاد موجود ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سب فریق کہہ چکے ہیں کہ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی ، سب کوقبول ہوگا ۔ قوم کو 70سال کی کرپشن کے متعفن گند سے نجات ملنی چاہیے ۔ ہر چوک اور چوراہے میں زبان زد عام ہے اور عوام کو یقین ہے کہ پانامہ کیس میں کرپشن ثابت شدہ ہے ۔

قومی دولت ملک سے باہر منتقل ہوئی ہے ۔ ہم توقع رکھتے ہیںکہ سپریم کورٹ قانون و انصاف کے ساتھ فیصلہ دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ قومی سیاست میں غیر شائستہ زبان کے استعمال سے جمہوری ، سیاسی ، اخلاقی اقدار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہاہے ۔ قائدین کا تلخ رویہ نیچے کارکنان میں منتقل ہورہاہے ۔ اگر جعلی جمہوری رویے ، جعلی سیاسی اسلوب ، الزام تراشیاں اسی طرح چلتی رہیں تو اس سے جمہوریت مستحکم نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ قومی قائدین ملک کو درپیش خطرات کا ادراک کریں ۔ سیاستدان از خود ضابطہ اخلاق ترتیب دیں تاکہ اختلاف رائے اخلاقی حدود نہ پھلانگ سکے ۔اع