پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے اور منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے ری سٹرکچرنگ اور انتظامی اصلاحات کا آغاز

جرمن نژاد قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر ہلڈن برنڈکو جبر ی رخصت پر بھیج دیا گیا ڈیپوٹیشن پر آنیوالے افسران اور اہلکاروں کو بھی انکے اداروں میں واپس بھیج دیا گیا

جمعرات 6 اپریل 2017 23:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اپریل ء) قومی ائیر لائن پی آئی اے کو خسارے سے نکالنے اور ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے پی آئی اے نے ری سٹرکچرنگ اور انتظامی اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے۔ پی آئی اے کے جرمن نژاد قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر ہلڈن برنڈکو جبر ی رخصت پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ پی آئی اے نے ڈیپوٹیشن پر آنے والے افسران اور اہلکاروں کو انکے اداروں میں واپس بھیج دیا ہے۔

خسارہ، بد انتظامی اور مالیاتی بحران سے دوچار قومی ائیر لائن پی آئی اے نے مختلف سطحوں پر انتظامی اصلاحات کا جو سلسلہ گزشتہ ماہ شروع کیا تھا اسکے دوسرے مرحلے میں جمعرات کے روز قائم مقام چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی آئی اے ہلڈن برنڈ، جنکانام کچھ عرصہ قبل ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈالا گیا تھا ، کو جبری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے اور چیف فنانشنل آفیسر نئیر حیات کو اس دوران قائم مقام چیف ایگزیکٹیو افسر کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

اسکے ساتھ ساتھ مختلف اداروں سے ڈیپوٹیشن پر پی آئی اے آنے والے افسران اور اہلکاروں کے بار ے میں بھی اہم فیصلہ کرتے ہوئے ان تمام افسران اور اہلکاروں کو انکے اداروں میں بھیجوانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں جاری اعلامیہ کے مطابق ان تمام افسران اور اہلکاروں کو فوری طور پر اپنے اپنے محکموں اور اداروں کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی آئی اے میں وسیع پیمانے پر ری سٹرکچرنگ اور انتظامی اصلاحات کا یہ پہلا موقع ہے جسکا مقصد پی آئی اے کو جدید کمرشل بنیادوں پر استوار کر کے ایک منافع بخش اور کامیاب ائیر لائن بنانا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب احمد خان اس عز م کا اظہار کر چکے ہیں کہ پی آئی اے میں پیشہ وارانہ معیار، بہترین خدمات کی فراہمی اور پروازوں کی سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ جبکہ پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ اور اصلاحات پر عمل درآمد کے حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب احمد خان پی آئی اے کے اہلکاروں اور پیشہ وارانہ تنظیموں کے تعاون پر خیر مقدم کر چکے ہیں ۔