صومالیہ میں وزارت دفاع کے قریب خود کش کار بم دھماکہ ،سات ہلاک

بم دھماکے میں ریستوران،تین گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ،الشباب نے حملہ کیا،سرکاری حکام

جمعرات 6 اپریل 2017 13:25

موغا دیشو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اپریل ء)صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں وزارت دفاع اور وزارت کھیل کے احاطے میں ایک ریستوران کے قریب خوفناک خودکش کار بم دھماکہ میں سات افراد ہلاک اور10 زخمی ہو گئے۔سرکاری حکام نے دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم ’’الشباب‘‘ پر عائد کر دی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کے دفتر کے قریب ایک ریستوران پر خوفناک خود کش دھماکہ ہوا، جس میں 7 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ یہ کار بم دھماکہ تھا، ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بم دھماکے میں ریستوران مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ اس کے قریب ہی واقع دوسرے ریسٹورنٹ کو جزوی نقصان پہنچا ، بم دھماکے میں تین گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں اور فرش پر چاروں طرف خون پھیلا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

امدادی ادارے کے ڈائریکٹر عبد القادر بن عبد الرحمان نے بتایا کہ ابھی تک ہم جائے وقوعہ سے سات لاشوں کو لے جا چکے ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ یہ دھماکہ جہاں ہوا ہے وہاں چاروں طرف وزارت دفاع اور وزارت کھیل کے حکام کی رہائش گاہیں ہیں۔ واضح رہے کہ یہ دھماکہ ایسے وقت ہوا ہے جب نئے وزیر دفاع محمد ابوبکر نے عہدہ سنبھالتے ہی سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کو کہا تھا۔موغا دیشو کے میئر کے ترجمان عبد الفتاح عمر نے جائے حادثہ پر موجود صحافیوں کو بتایا کہ’’ الشباب ‘‘دہشت گرد تنظیم کی جانب سے کئے گئے حملے میں سات شہریوں کی موت ہو گئی۔ اگرچہ الشباب نے اس سلسلے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔