داعش کا بھارت میں کوئی وجود نہیں ہے،وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ

سوشل میڈیاپرکچھ نوجوانوں کے داعش سے متاثر ہونے کے کیس آئے ہیں جن کی تحقیقات کی جا رہی ہے،وزیرداخلہ

جمعرات 6 اپریل 2017 13:25

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ اپریل ء)بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارتی عوام کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ فی العراق و الشام ( داعش) کے بھارت میں اپنے قدم جمانے کے حوالے سے کسی قسم کی تشویش میں مبتلا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں،بھارت میں اس دہشت گرد تنظیم کا کوئی وجود نہیں ہے تاہم سوشل میڈیا کے توسط سے کچھ نوجوانوں کے داعش سے متاثر ہونے کے معاملے سامنے آئے ہیں جن کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اس قسم کی کوئی معلومات یا ثبوت نہیں ملا کہ داعش نے بھارت میں اپنے قدم جماتے ہوئے یہاں اپنی بنیاد رکھ دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مرکزی اور ریاستی سیکیورٹی ایجنسیوں کی نظر میں تقریباً 80 نوجوان ایسے ہیں جو سوشل میڈیاکے ذریعہ داعش کے نظریات سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں 22 کیرالہ کے رہائشی ہیں اور ان میں سے 16 کے خلاف تحقیقات چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان در اصل بنیاد پرستی سے متاثر ہیں اور حکومت ایسے پروگرام چلا رہی ہے جس سے نوجوانوں میں بنیاد پرستی کے اثرات کو کم کیا جاسکے، اس کے لئے کچھ مذہبی گروپوں نے بھی مسلمان نوجوانوں کو داعش کے اثرات میں نہ آنے کی اپیل کی ہے۔راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ ہندوستانی سماج کا ڈھانچہ اور خاندانی فریم ورک بھی داعش کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے ، داعش کے خطرے کا اندازہ لگانے اور اس سے نمٹنے کے لئے ایک قومی حکمت عملی تیار کرنے کے مقصد سے مرکزی اور ریاستی ایجنسیوں کی میٹنگ منعقد کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :