کویت کاشمالی کوریا کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم

پیر 18 ستمبر 2017 16:30

کویت سٹی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء)کویت حکومت نے شمالی کوریا کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق کویتی حکومت نے شمالی کوریا کے سفیر سو شانگ سک سمیت 5 سفارت کاروں کو ایک ماہ کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ کویت نے یہ اقدام امریکا اورعالمی برادری کے اشارے پر کیا تاکہ شمالی کوریا کی ترسیلات زر کو کم کیا جاسکے جس سے وہ اپنے ایٹمی پروگرام کے اخراجات پورے کرتا ہے۔

(جاری ہے)

خلیج فارس کے ممالک میں شمالی کوریا کے ہزاروں مزدور کام کرتے ہیں جبکہ صرف کویت میں ہی شمالی کوریا کا سفارت خانہ قائم ہے۔کویت نے شمالی کوریا کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو بھی کم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سفیروں کی تعداد گھٹانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں اب شمالی کوریا کے سفارت خانے میں صرف 4 سفارت کار باقی رہ جائیں گے جن میں سے ایک ناظم الامور ہوگا۔ واضح رہے کہ امیر کویت صباح الاحمد الصباح دو ہفتے قبل ہی امریکا کا دورہ کرکے واپس لوٹے ہیں۔