نیب بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے ، چیئرمین نیب

قومی احتساب بیورو پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں میں شفافیت کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا،ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، نیب بلوچستان کے دورے کے موقع پر افسران سے خطاب

پیر 18 ستمبر 2017 21:20

کو ئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل ستمبر ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے ، نیب پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں میں شفافیت کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا ۔وہ اپنی 4سالہ مدت ملازمت جوکہ 10اکتوبر کو مکمل ہورہی ہے سے پہلے قومی احتساب بیورو بلوچستان کے الوداعی دورے کے مو قع پر نیب کے آفیسران سے خطاب کررہے تھے۔

نیب بلوچستان کے دفتر پہنچنے پر چیئرمین نیب کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا جس کے بعد قومی احتساب بیورو کے بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل عرفان نعیم منگی نے چیئرمین نیب کو نیب بلوچستان کی کارکردگی سے آگاہ کیا جس کو انہوں نے بے حد سراہا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیب بلوچستان کے آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے نیب بلوچستان کی کارکردگی کو سراہا اور کہاکہ قومی احتساب بیورو بلوچستان نیب کا ایک اہم علاقائی بیورو ہے جس نے بدعنوان عناصر کو گرفتار کرنے اور ان سے اربوں روپے برآمد کرکے قومی احتساب بیورو کی اجتماعی کارکردگی میں اہم کرداراداکیا ہے انہوں نے کہاکہ بدعنوانی ایک کینسر ہے جو کہ خاموش قاتل ہے قومی احتساب بیورو بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہاہے کیونکہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ قومی احتساب بیورو کی اولین ترجیح ہے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب کے آفیسران اس کو قومی فریضہ سمجھ کر سرانجام دے رہے ہیں ،ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گا ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قومی احتساب بیورو کی کاوشوں ،اندرون اور بیرون ملک کی معتبر تنظیموں نے نیب کی کارکردگی کو سراہا ہے انہوں نے کہاکہ انہوں نے اپنی4سالہ دور میں بہت سارے ایسے اقدامات اٹھائے جن کی بدولت آج کا نیب ایک موثر،پروفیشنل اورمیرٹ پر کام کرنے پر یقین رکھتاہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان آج سارک ممالک کے اینٹی کرپشن فورم کا سربراہ ،نیب نے چین کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت نیب پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں میں شفافیت کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا ،نیب نے اپنی ایک فرانزک سائنس لیبارٹری بنائی ہے ۔