بیرون ملک میں موجود پاکستانی افراد کے لئے پاکستان میں بینک اکاؤنٹ ہونا لازمی قرار

منی لانڈرنگ پر قابو پایا جا سکے گا ، رقوم کی منتقلی تیز ترین ہو گی

اتوار 10 دسمبر 2017 17:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 10 دسمبر 2017ء): پاکستانی حکومت نے تمام بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے لیئے پاکستان میں بینک اکاونٹ کا ہونا لازم قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر سید عرفان علی کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے تمام بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے لیئے اپنے ملک میں بینک اکاونٹ ہونا لازم کیا جا رہا ہے تاکہ بیرون ملک سے پیسے بھیجنے والے افراد اپنے بینک اکاونٹس میں رقم بھیجیں ، انکا مزید کہنا تھا کہ اس طرح سے منی لانڈرنگ پر بھی کافی حد تک قابو پایا جا سکے گا۔

سید عرفان علی کا کہنا تھا کہ سِٹیٹ بینک آف پاکستان اور وزارت برائے اوورسیز پاکستانی نے مل کر سب معاملات فائنل کر لیئے ہیں اور جلد ہی ان پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سید عرفان علی نے بتایا کہ بینک اکاونٹ سے منی لانڈرنگ پر قابو پانے کے ساتھ رقم کی تیزی سے منتقلی میں بھی فائدہ ہو گا جس کے ساتھ ساتھ بینک بھی اہنے ایسے صارفین کو مختلف نوعیت کے فوائد پہنچائے گا جو بیرون ملک سے رقم بینک اکاونٹ کی مدد سے بھیجیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کے بعد ان کا خیال ہے کہ بیرون ملک سے آنے والی رقوم میں اضافہ ہو گا کیونکہ اس ٹیکس کے بعد لوگوں کا بینک کے ذریعے رقوم منتقل کرنے میں آضافہ ہو گا انہوں نے متحدہ عرب آمارات میں موجود پاکستانی بینک اور منی ایکسچینجرز کو اپنا سسٹم اپ گریڈ کرنے کا کہا ہے تاکہ صارفین کی رقوم منتقلی تیزی سے ہو سکے۔ سید عرفان علی کا کہنا تھا کہ بینک اکاونٹ سے رقم منتقلی سے صارفین کو فائدہ ہو گا جس کے بعد ان کے پاکستان میں موجود اثاثوں کی پوچھ گچھ کم ہو گی کیونکہ ان کی بینک اسٹیٹمنٹ ان کے تمام اثاثوں کا ثبوت ہو گی۔