احتساب عدالت میں نواز شریف اور اسحاق ڈا ر کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی

اتوار 10 دسمبر 2017 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 10 دسمبر 2017ء) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سابق وزیر اعظم نواز شریف اورسابق وزیر خزانہ اسحاق ڈا ر کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت ( آج) پیر کو کریں گے۔گزشتہ سماعت پر نواز شریف کے خلاف ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ ملک طیب کا بیان قلمبند کیا گیا تھا جس پر نواز شریف کے وکیل جرح کریں گے۔

گزشتہ سماعت پر عدالت نے خواجہ حارث کی معاون وکیل عائشہ حامدکی جانب سے دائر کی جانے والی نورین شہزاد کی دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ نہ بنانے کی درخواست خارج کی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اثاثہ جات ریفرنس میں عدم پیشی پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق محفوظ فیصلہ بھی ( آج ) پیر کو سنایا جائے گا ، گزشتہ سماعت پراسحاق ڈار کی نئی میڈیکل رپورت عدالت میں پیش کی گئی تھی اور وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق وزیر خزانہ اگلے ہفتے ایم آر آئی کرائیں گے، جس کے بعد آئندہ ہفتے تک معلوم ہو جائے گا کہ ان کے موکل کو کیا بیماری ہے، وکیل صفائی قوسین فیصل مفتی نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے اور اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی روکنے کی استدعا کی تھی جس پر نیب پراسکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو بتایا گیا تھا کہ اسحاق ڈار کے دل میں تکلیف کا بتایا گیا تھا، آج پتہ چلا انکے مرض کی تشخیص تاحال نہیں ہوئی، اسحاق ڈار کی انجیو گرافی رپورٹ پیش نہیں کی گئی، وہ باہر بیٹھ کر عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو پیر کو سنایا جائے گا۔

ن