اساتذہ نے تعلیم بچائوتحریک کے سلسلے میں آج سے صوبائی اسمبلی کے سامنے روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی دھرنے اعلان کردیا

اتوار 15 اپریل 2018 20:30

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 15 اپریل 2018ء)خیبرپختونخوا کے سرکاری و نجی شعبہ کے اساتذہ نے حکومت مخالف تعلیم بچائوتحریک میں بنی گالہ دھرنے کے بجائے 16اپریل سے خیبرپختونخوااسمبلی کے سامنے روزانہ کی بنیادپراحتجاجی دھرنے کا پروگرام تشکیل دے کر صوبہ کے تمام اضلاع کے اساتذہ کو پوری قوت سے تعلیم بچائوتحریک کی کامیابی میں بھرپورکرداراداکرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تعلیم بچائوتحریک خیبرپختونخوااورآل ٹیچرزایسوسی ایشن کے راہنماء ازرم خان جدون نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ تعلیم بچائوتحریک کے ضمن میں تمام سرکاری و نجی شعبہ کی اساتذہ تنظیموں نی17اپریل کوبنی گالہ میں احتجاجی دھرنے کا پروگرام تشکیل دیاتھاجسے مرکزی قیادت نے اچانک منسوخ کر کے نیااحتجاجی پروگرام تشکیل دیا ہے جس میں 16اپریل سے روزانہ دواضلاع کے اساتذہ صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنادیں گے اور آج 16اپریل سوموارکوضلع پشاوراورضلع چارسدہ کے اساتذہ دن دو بجے خیبرپختونخوااسمبلی کے سامنے دھرنادیں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تعلیم بچائوتحریک میں خیبرپختونخواکے آٹھوں تعلیمی بورڈزکے ملازمین بورڈزکی خودمختاری ختم کرنے کے خلاف،صوبہ کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ مشروط ٹائم اسکیل کے خلاف جب کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اساتذہ و مالکان نجی شعبہ میں آئی ایم یو کے نفاذکے خلاف ایکاکیے ہوئے ہیں اورتعلیم بچائوتحریک کے نام سیایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے سخت احتجاجی تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں۔