ڈاکٹر شکیل آفریدی معاملہ ،ْوزیر داخلہ و خارجہ سینیٹ طلب

جمعہ 4 مئی 2018 23:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 4 مئی 2018ء)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے گرفتار ڈاکٹر شکیل آفریدی سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبروں کے معاملے پر وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ کو حکومتی موقف واضح کرنے کیلئے ایوان بالا میں طلب کرلیا۔ جمعہ کو سینیٹ اجلاس کے دوران سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ کافی دن سے یہ خبریں آ رہی ہیں کہ شکیل آفریدی کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ،ْ یہ بھی خبریں آئیں کہ جیل کو توڑنے کا کوئی پروگرام تھا۔

(جاری ہے)

رضا ربانی نے کہا کہ ایسی خبریں ہیں کہ سی آئی اے ان کو آزاد کروا کر ساتھ لے جانا چاہتی تھی۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ میں بریفنگ کے دوران کہا گیا تھا کہ وزیر داخلہ جیل توڑنے سے متعلق معاملے کو دیکھ رہے ہیں، سابق چیئرمین سینیٹ نے موقف اختیار کی کہ وزارت خارجہ کے اس بیان سے ایک لحاظ سے اس معاملے کی تصدیق ہوتی ہے۔رضا ربانی نے مطالبہ کیا کہ وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ ایوان بالا کو اس معاملے پر آگاہ کریں جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے شکیل آفریدی کے معاملے پر وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کو طلب کرلیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ اور خارجہ ایوان بالا میں آکر ڈاکٹر شکیل آفریدی کے معاملے پر بریفنگ دیں گے۔