بحرین میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 1,740 ہو گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 40 افراد میں کورونا کی تصدیق ہو گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 اپریل 2020 09:57

بحرین میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 1,740 ہو گئی
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 اپریل 2020ء ) خلیجی ریاست بحرین میں کورونا مریضوں کی گنتی 1,740 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 40 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ نئے مریضوں میں سے 22 افراد ایران سے واپس آئے تھے۔ 2 غیر مُلکی کارکن اپنے وطن سے واپسی پر یہ مرض ساتھ لائے، جبکہ 10 افراد کورونا کے مریضوں سے میل جول کے دوران اس کا شکار ہوئے۔

مملکت میں اب تک 725 افراد کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جبکہ 7 مریض لقمہ اجل بنے ہیں۔ 1,008 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے اور باقی مریضوں کی حالت تسلّی بخش ہے۔ بحرین وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب تک 79 ہزار افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں اور آئندہ بھی مشتبہ علامات والے غیر ملکیوں اور مقامی افراد کے کورونا ٹیسٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

جن لوگوں کا ٹیسٹ لینا ہوتا ہے، انہیں پہلے ہی ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع کر دی جاتی ہے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ فلاں تاریخ کو فلاں وقت پر ہو گا۔ ڈرائیور حضرات کے بھی سڑکوں پر ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ یہ سہولت بحرین انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سنٹر پر مہیا کی گئی ہے، اس ٹیسٹ پر صرف پانچ منٹ لگتے ہیں۔ جن لوگوں کو اپنا ٹیسٹ کروانا ہو، وہ اپنا شناختی کارڈ ضرور ساتھ لائیں۔

بحرین کی جانب سے کورونا سے شفاپانے والے مریضوں کے پلازما سے علاج کے لیے کلینیکل ٹرائل شروع کر دیا گیا ہے، اس ٹرائل میں 20 مریضوں کو پلازما لگا کر ان پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بحرین دُنیا کا وہ پہلا ملک ہے جس کورونا کے مریضوں کے لیے کلورو کوئین کا استعمال شروع کیا، جس کے باعث سینکڑوں مریض تیزی سے صحت یاب ہو گئے ۔ چند روز قبل بحرین کی جانب سے لاک ڈاؤن میں بھی نرمی کی گئی ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں